اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر) شمالی وزیرستان میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش، فائرنگ کے تبادلے میں 4 پاکستانی جوان شہید ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق23 اور 24 کی رات شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں نے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، اس کوشش کوپاکستانی سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 4 پاکستانی سیکورٹی جوان جام شہادت نوش کر گئے ۔ موثر جوابی کار روائی کے دوران فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی بھاری جانی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جام شہادت نوش کرنے والوں میں حوالدار وجاہت عالم، سپاہی مقبول حیات، سپاہی ساجد عنایت اور سپاہی ساجد علی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ شہید ہونے والے 34 سالہ وجاہت عالم اور 32 سالہ مقبو ل حیات کا تعلق غذر، جی بی، 25 ساجد عنایت شیخوپورہ اور 22 سالہ ساجد علی کا تعلق سکردو سے تھا۔ صدر ، وزیر اعظم، آرمی چیف اور سیاسی قائدین نے واقعہ کی شدید مذمت کی اور شہید فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہا دہشتگردوں سے سینہ سپر جوانوں کی پشت پر پوری قوم متحد کھڑی ہے ۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔