لاہور،اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی،نیوز ایجنسیاں) احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف اور دیگر کے خلاف آشیانہ ہاؤسنگ ریفرنس کی سماعت 2اپریل تک ملتوی کرکے گواہوں کو جرح کیلئے طلب کر لیا۔احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی ،احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست پر سماعت کے دوران اپوزیشن لیڈر کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی،حمزہ شہباز کے وکیل نے ان کی بریت کی درخواست پر دلائل دیئے ۔شہباز شریف کے وکیل امجد پرویزنے کہا رمضان شوگر ملزکیس میں بریت کی درخواست پر دو ہفتے کا وقت دے دیں۔ احتساب عدالت لاہور نے نواز شریف کے اثاثہ جات منجمد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت 8اپریل تک ملتوی کرکے وکلائسے مزید دلائل طلب کر لئے ۔ احتساب عدالت نے سید سبط الحسن المعروف ڈبل شاہ کے ساتھی امجد حسین کے ریفرنس کا فیصلہ 25مارچ تک موخر کردیا۔ احتساب عدالت اسلام آبادنے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری کا ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا، دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کو بھی احتساب عدالت سے ریلیف مل گیا، نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت چیلنج کی گئی یوسف رضا گیلانی، پرویز اشرف اور دیگر کی درخواستوں پر فیصلے میں کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف کیخلاف احتساب عدالت ٹرائل چلانے کا اختیار نہیں رکھتی، توقیر صادق کی غیر قانونی تقرری سے متعلق ریفرنس بھی دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔