اسلام آباد( خبرنگارخصوصی،اے پی پی) صدرمملکت عارف علوی نے کہاہے کہ معیشت کودستاویزی بنانے سے ہماری مجموعی قومی پیداوار میں تین فیصداضافہ ممکن ہے ۔ تاجراورکاروباری برادری قومی معیشت کی نمومیں اہم کرداراداکررہی ہے ۔گزشتہ روزصدرمملکت نے کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی ) کے زیراہتمام تقریب سے خطاب میں کہا حکومت تاجر برادری کی مسائل سے بخوبی آگاہ، کاروبارمیں آسانی کیلئے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ٹیکس کے نظام میں شفافیت ضروری ہے ، اگر ہماری آدھی تجارت میز کے نیچے چل رہی ہو تو اس سے ہماری معیشت کو فائدہ نہیں ہوتا، اس کے ساتھ ساتھ لوگ ٹیکس کے نظام میں آنے سے بھی گھبراتے ہیں ، معیشت کو دستاویزی بنانے سے ان مسائل سے بخوبی عہدہ برآں ہوا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ غیبت اورفیک نیوز ہمارے معاشرے کوگھن کی طرح کھارہے ہیں،فیک نیوز اورغیبت سے اپنے آپ اورمعاشرہ کوبچانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان یوکرین میں امن چاہتا ہے تاہم جتنا یوکرین اہم ہے اتنا کشمیربھی ایک اہم مسئلہ ہے ، بین الاقوامی برادری کشمیر کے مسئلہ کو نظراندازنہ کرے ۔انہوں نے کہاکہ ایران اورافغانستان کے ساتھ بارٹرتجارت کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، افغانستان اورایران کے ساتھ 9 مارکیٹوں کاقیام عمل میں لایا جارہاہے ، اس سے بہت سارے مسائل حل ہوجائیں گے ۔دریں اثناصدر عارف علوی کا علماء کرام ،چاروں صوبائی/گلگت بلتستان کے گورنر ہائوسز، صدر ہائوس آزادکشمیر، وفاقی وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری سے ویڈیو لنک مشاورتی اجلاس ہوا۔وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں کورونا وبا کی احتیاطی تدابیر میں سہولت اور نرمی کا اعلان کیا گیااور تفصیلی گفت و شنید کے بعد ایک جامع ضابطہ اخلاق پر اتفاق کیا گیاکہ کورونا وبا سے آئندہ بچا ئو اور حفاظت کیلئے دعائوں کا اہتمام کیا جائے ، بحیثیت قوم اپنی غلطیو ں کی اللہ تعالی سے معافی مانگی جائے اور شکر ادا کیا جائے کہ اللہ سبحان و تعالیٰ نے کورونا وبا ٹال دی ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مساجد میں فاصلے کو اب واپس معمول پر لایا جائے تاہم جو لوگ احتیاط کے طور پر ماسک پہننا چاہیں تو ضرور جاری رکھیں۔