لاہور(خصوصی نمائندہ)پنجاب میں تحریک انصاف کی اہم اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے ممبر صوبائی اسمبلی اور وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے اپنے اتحادیوں سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزرات سے استعفیٰ دے دیا۔عمار یاسر نے اپنا استعفیٰ (ق) لیگ کے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین اورصدر پنجاب چودھری پرویز الہی کو بھجوا دیا۔ عمار یاسر نے اپنے استعفیٰ میں لکھا کہ(ق) لیگ کے وزرا کے کام میں حکومت پنجاب بے جا مداخلت کرتی ہے ، میری وزارت اور کام میں بلاوجہ رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں ،میں نے وزارت کا منصب ملک و قوم کی خدمت کیلئے قبول کیا تھا، انڈر پریشر کام کرنے کا عادی نہیں، بے جا مداخلت کی وجہ سے وزارت میں پوری طرح کام نہیں کرپا رہا ۔ انہوں نے اپنا نام وزارت کیلئے تجویز کرنے پر پارٹی قیادت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے پنجاب میں اپنی اہم اتحادی جماعت کے گلے شکوے دور کرنے کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔