ہیمبرگ(ویب ڈیسک) جرمنی، ہالینڈ اور امریکا کے ماہرین نے 34 ممالک میں مشترکہ تحقیق کرنے کے بعد دریافت کیا ہے کہ جو لوگ ضرورت مندوں کی مدد کرتے رہتے ہیں وہ نہ صرف لمبی عمر پاتے ہیں بلکہ ان کی عمومی صحت بھی بہتر رہتی ہے ۔اس تحقیق میں انسانی صحت اور عمر کا انسانی رویّوں کے ساتھ تعلق معلوم کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ ایک دوسرے کی مدد یا تعاونِ باہمی کا رویہ کوئی عجیب و غریب نہیں بلکہ یہ چیونٹیوں سے لے کر ہاتھیوں تک میں پایا جاتا ہے ۔ یعنی ہم کہہ سکتے ہیں کہ ایک دوسرے کی مدد کرنے کا جذبہ ہماری فطرت میں شامل ہے ۔البتہ، یہ ماہرین جاننا چاہتے تھے کہ انسانی معاشروں میں، جہاں آپس میں تعاون سے زیادہ مقابلے کا رجحان ہے ، یہ طرزِ عمل کس نوعیت کا ہے اور اس سے انفرادی سطح پر کیا فائدہ پہنچتا ہے ۔ طویل تحقیق کے بعد واضح نتائج ان کے سامنے تھے کہ اگر آپ ضرورت مندوں کی مدد کرنے کا مزاج رکھتے ہیں تو ممکنہ طور پر آپ کی عمر طویل ہوگی جبکہ صحت اچھی رہنے کا امکان بھی روشن ہے ۔