لاہور، پاکپتن ، ساہیوال ، عارفوالا ، پھالیہ ، گھوٹکی ، قلعہ دیدار سنگھ، کامونکے ، سادھوکے ، مظفر گڑھ ( سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ز، تحصیل رپورٹرز، نامہ نگاران، نمائندہ 92 نیوز) پاکپتن میں عارفوالا کے نواح اڈا 17 والی پلی میں تیز رفتار مسافر بس مخالف سمت سے آنیوالی ٹرک سے ٹکرا گئی، خوفناک حادثہ میں 9 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے ، 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ساہیوال ہسپتال ریفر کردیا گیا، پاکپتن سے رحیم یار خان جانیوالی مسافر بس پاکپتن عارفوالا روڈ پر حادثہ کا شکار ہوئی، کوسٹر میں سوار 10سالہ علی رضا ،45 سالہ باپ شوکت علی ، 35سالہ عمردراز ، 35سالہ وقاص ، 37سالہ محمدیوسف،40 سالہ زرین عباس ،40 سالہ سرور ، 42سالہ مقبول احمد اور35 خاتون سرویا بی بی جاں بحق ہوئے ۔ زخمی ہونیوالوں میں 25سالہ علی ، 26سالہ محمدعابد ،27سالہ ندیم ،31سالہ محمد شکیل اور 42سالہ شریف شامل ہیں، دونوں ڈرائیور فرار ہوگئے ، پولیس نے تفتیش شروع کردی۔ واضح رہے اس ڈمپر ٹرک کو قانون کے مطابق 27.5 ٹن وزن لیجانے کی اجازت ہے لیکن حادثہ کے وقت اس پر تقریباً 50 ٹن وزن لوڈ تھا ، جس کی وجہ سے ڈرائیور ٹرک پر قابو نہ رکھ پایا اور یہ خوفناک حادثہ رونما ہوا، رابطہ کرنے پر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ نے بتایا ہم عرصہ سے اوورلوڈنگ کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں ۔ مظفرگڑھ کے علاقے روہیلانوالی میں مسافر وین، منی ٹرک اور موٹر سائیکل ٹکرانے سے 8 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہوگئے ، ڈیڑھے لال چوک کے نزدیک تیز رفتار مزدہ ، مسافر وین اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوگیا 6 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے اور دو ہسپتال جاکر دم توڑ گئے ، حادثہ مسافر وین کی تیز رفتاری سے اوور ٹیک کرتے ہوئے اور موٹر سائیکل کو بچاتے ہوئے پیش آیا ۔ گھوٹکی میں سکھر سے ملتان ایم 5 موٹروے پر بنوں سے کراچی جانے والی مسافر کوچ کو خطرناک حادثہ کوچ میں آگ لگ گئی، دو خواتین ،بچی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے ، پولیس کی بروقت کاروائی سے درجنوں قیمتی جانیں بچ گئیں ، رات تقریباً اڑھائی بجے موٹروے پر ڈرائیور کو نیند آنے اور تیز رفتاری کی باعث مسافر کوچ کنٹرول سے نکل گئی اور کلٹی ہوکر موٹروے سے نیچے لنک روڈ پر جا گری اور اس میں آگ لگ گئی ، پولیس نے فوری پہنچ کر زخمیوں کو نکالنا شروع کردیا، بس میں 63 افراد سوار تھے ، جاں بحق ہونے والوں میں بنوں کے خاندانہ ، امرگل ، بچی علینہ اور نوجوان فرحان جاں بحق ہوئے ، پولیس نے حکمت عملی کے ساتھ زخمی مسافروں کو کوچ کے شیشے توڑ کر باہر نکالا۔ لاہور کوٹ لکھپت ریلوے سٹیشن کے قریب ایک نامعلوم شخص ٹرین تلے آکر جاں بحق ہو گیا ، نامعلوم شخص ریلوے لائن عبور کرتے ہوئے حادثہ کا شکار ہوا۔ قلعہ دیدار سنگھ میں نوکھر کے قریب تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار 23سالہ عامر کو کچل کر جاں بحق کردیا، پولیس نے ڈرائیور سمیت ٹرک تحویل میں لے لیا، مچھرانوالی کا عامر موقع پر دم توڑ گیا۔ پھالیہ میں لوڈر رکشہ اور تین موٹر سائیکلوں میں تصادم ہوگیا، حادثہ میں ایک شخص جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ، قادر آباد روڈ دوگل کے قریب سامان سے لوڈ رکشہ کھڑے ٹرک کو اوور ٹیک کرتے سیرے کی طرف سے آنے والے دو موٹر سائیکلوں سے ٹکرا گیا، 35 سالہ محمد شفیق ولد شبیر موقع پر جاں بحق ہو گیا ۔کامونکے میں تیز رفتار کار کی زد میں آکر نامعلوم خاتون ہلاک ہوگئی، 35 سالہ خاتون پرانا نادرا آفس کے سامنے جی ٹی روڈ عبور کر رہی تھی کہ تیز رفتار کار نے اسے کچل کر جاں بحق کردیا۔