لاہور،ملتان ،شیخوپورہ،ڈیرہ غازیخان (خصوصی نمائندہ، جنرل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ،این این آئی )وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روزبلوچستان میں انتہائی مصروف دن گزارا۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار گورنر ہاؤس بلوچستان گئے اور گورنر بلوچستان امان اﷲ خان یاسین زئی سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پشین اور لورالائی کا بھی دورہ کیااورقبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے پشین میں قبائلی عمائدین سے خطاب کے دوران پنجاب حکومت کی جانب سے تربت میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر کے قیام کا اعلان کیا اور دونوں منصوبوں کیلئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو ایک ارب روپے کا چیک دیا۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب تربت میں 100بیڈ کا ہسپتال تعمیر کرے گی جبکہ تفتان میں زائرین کیلئے کمیونٹی سنٹربھی بنائیں گے ۔تربت کا ہسپتال اور تفتان کا کمیونٹی سنٹر صوبائی ہم آہنگی اورباہمی محبت کا نشان بنے گا۔ہم خالی نعرے نہیں لگاتے بلکہ عملی طور پر کام کر کے دکھاتے ہیں ۔وزیر اعلیٰ سے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے رہنماؤں ظہور آغااور سردار خادم وردگ کی قیادت میں پارٹی عہدیداروں کے وفدنے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی و پارٹی امور ، سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر بات چیت کی گئی۔بعدازاں وزیر اعلیٰ نے گورنر بلوچستان امان اﷲ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بلوچستان کے وزرا نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے ہر بحران میں بلوچستان کو سپورٹ کیاہے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ نے شیخوپورہ اور ننکانہ کے سنگم میں واقع منڈی فیض آباد کی آبادی سلیم پور کچہ کے رہائشی فیاض احمد کی اپنی بیوی اور تین بیٹیوں سمیت دریا میں کود کر خود کشی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر لاہور ڈویژن اور آر پی او شیخوپورہ رینج سے رپورٹس طلب کرلیں ۔ د ریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بلوچستان کادورہ مکمل کر کے ڈیرہ غازی خان پہنچ گئے ، ڈیرہ غازی خان آمد کے فوراً بعد وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو طلب کرلیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔کمشنر ڈی جی خان ڈویژن کی ترقی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی۔وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں پر کام مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈیر ہ غازی خان سمیت ہر شہر میں جا کر ترقیاتی منصوبوں کا معاینہ کروں گا ۔انہوں نے انتظامیہ کو ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔