ملتان،کوئٹہ (نیوز رپورٹر،این این آئی)ملتان کے الیکشن ٹربیونل نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف انتخابی عذرداری کی سماعت15جنوری تک ملتوی کر دی۔پی پی 286 ڈی جی خان سے آزاد امیدوار سردار محمد اکرم خان ملغانی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عثمان بزدار نے کاغذات نامزدگی میں اپنے اثاثوں کی درست مالیت ظاہر نہیں کی، قبائلی علاقہ تمن بزدار میں اس کے پولنگ ایجنٹوں کو داخل ہی نہیں ہونے دیا گیا اس لئے ان پولنگ اسٹیشنزکے ووٹوں پر درج انگوٹھے کے نشانات نادرا سے چیک کرائے جائیں، اس طرح الیکشن سے ایک روز قبل ٹرائبل ایریا کے 6 پولنگ اسٹیشنز کا سٹاف تبدیل کردیا گیا ، ریٹرننگ افسر نے دوبارہ گنتی کی درخواست بھی بدنیتی سے مسترد کی،اس لئے عثمان بزدار کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ ادھر کوئٹہ کے الیکشن ٹربیونل نے رکن صوبائی اسمبلی اکبر آسکانی کے خلاف اصغر آسکانی کی درخواست پر حلقے کے ریٹرننگ افسر کی عدم پیشی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا اور انتخابی عذرداری کی سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔ رکن صوبائی اسمبلی مبین خان خلجی کے خلاف طاہر محمود کی درخواست پر فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔