اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے وزیر اعظم اور کابینہ کی منظوری سے فوج بھی طلب کی جا سکتی ہے ، دھرنا دینے والوں کو دھر لیا جائے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہم جلسے کرنے والوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کریں گے لیکن دھرنے کی کسی کو اجازت نہیں ، تین یا چار اپریل کو تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی، اپوزیشن کے تمام ارکان کو مکمل سکیورٹی دیں گے ،28 مارچ سے 4اپریل تک7 دن اہم ہیں، دنیا کی توجہ پاکستان کی سیاست پر ہے ، ہم تمام پارٹی کے لوگوں کیلئے راستے کلیئر رکھیں گے ، کسی کو کسی کا راستہ روکنے کی اجازت نہیں دیں گے ، اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو قانون اس کو ہاتھ میں لے گا، او آئی سی کانفرنس تاریخی کامیابی سے ہمکنار ہوئی ،میں یہ شیئر نہیں کر سکتا ملک دشمنوں کا ایجنڈا کیا تھا، تحریک عدم اعتماد گزر جائے تو میں آپ کو خصوصی خبر دوں گا، ہماری بھرپور کوشش ہو گی یہ سات دن خوش اسلوبی سے گزریں اور اگر خدانخواستہ اپوزیشن نے کوئی غلطی کی تو وہ اس کی سزا بھی بھگتیں گے ،اپوزیشن نے عمران خان کو مقبولیت کی معراج پر پہنچا دیا ،میں نے عمران خان کو مشورہ دیا ہے بجٹ دینے کے بعد ہمیں فوری الیکشن کی طرف جانا چاہئے ۔