لاہور(سپیشل رپورٹر ) چوہنگ لاہور میں مچھر مار کوائل گرنے کے باعث آتشزدگی سے دو بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے ، دیگر 3 واقعات میں لاکھوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، چوہنگ کے علاقہ شاداب کالونی کے اصغرکے گھر کے باہر میلاد کی محفل تھی، بیوی نے نیند آنے پر دو کمسن بیٹوں کو سلایا اور کمرے میں مچھر مار کوائل جلا دی اور باہر چلی گئی ، کوائل نیچے گر گئی اور قالین کو آگ لگ گئی جس نے پورے کمرے کو لپیٹ میں لے لیا، 7 سالہ سفیان اور 9 سالہ ارسلان موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہوگئے ، گھر میں کہرام برپا ہوگیا، آگ سے گھر میں موجود قیمتی سامان بھی خاکستر ہوگیا، فیروز پور روڈ کاہنہ کے قریب سلیم کے گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی سے ہزاروں روپے مالیت کا سامان جل گیا۔ واپڈا ٹاون میں آصف کے گھر میں آتشزدگی سے قیمتی سامان جل گیا۔سول لائن کے علاقہ میں اسٹیشنری کی دوکان میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا۔ نشترکالونی کے علاقہ میں الیکڑونکس کی دکان میں آتشزدگی سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ چار ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا، دو روز قبل الیکڑونکس اور موبائل شاپ میں آتشزدگی سے 25سالہ اشفاق جھلس کر ہلاک اور 15سالہ طلحہ زخمی ہوگیا تھا، اشفاق کے والد نے درخواست دی اس کے بیٹے کو ملزمان نے تشدد کے بعد پٹرول چھڑک کر آگ لگائی جس پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔