اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،اے پی پی) یوم پاکستان آج بدھ 23 مارچ کوملک بھر میں شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔ پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی سالگرہ کا سال ہونے کی وجہ سے 82واں یوم پاکستان اور پریڈ منفرد و خاص اہمیت کی حامل ہے ۔یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ میں حسب سابق تینوں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے پریڈ کا حصہ ہیں۔ میزائل، یو اے وی پاکستان کے ناقابل تسخیر دفاع کی علامت کے طور پر پریڈ کا حصہ ہو نگے ۔اس سال کی ایک اور خاص بات جدید ترین جے ٹین جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ ہے جس کے ساتھ ساتھ ایوی ایشن فلائی پاسٹ بھی ہو گا۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کو بھی یوم پاکستان پریڈ میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے او آئی سی کا فلوٹ خصوصی طور پر شامل ہوگا۔ اس سال یوم پاکستان کا تھیم ’’شاد رہے پاکستان‘‘ہے ۔ یہ دعائیہ تھیم قومی ترانے کا حصہ’’مرکز یقین شاد باد‘‘ سے لیا گیا ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے اس حوالے سے ایک مسحور کن ملی نغمہ بھی جاری کیا ہے ۔ اس کے علاوہ قوم اور بابائے قوم کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے آئی ایس پی آر نے مختصر دورانیے کے پی ایس ایمز بھی جاری کی ہیں۔اس موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کے علیحدہ وطن کے مطالبے کو وقت نے سیاسی طور پر درست ثابت کیا، ہمیں اپنے آبائواجداد کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے قومی اتحاد اور سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ، وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایک مضبوط اور خوشحال ملک بن کر ابھرے گا۔ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے اپنے پیغام میں کہاہے کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد انصاف اور مساوات پر کاربند رہنے کے ہمارے عزم کی تجدید کا دن ہے ،آج ہم بابائے قوم اور تحریک آزادی کے ان تمام رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔