وفاق، صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اطلاعات کے وزراء نے کرونا وائرس کو شکست دینے کیلئے صحافیوں کو حفاظتی کٹس فراہم کرنے اور جھوٹی خبروں کے تدارک پر اتفاق کیا ہے۔ طبی اور حفاظتی عملے کی طرح اطلاعاتی شعبے سے وابستہ افراد بھی عوام تک درست خبریں پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں لیکن بدقسمتی سے اطلاعاتی شعبے سے وابستہ افراد کے پاس حفاظتی کٹس موجود نہیں ہیں ۔جس کے باعث تین صحافی بھی اس وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ اب وفاق سمیت چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے تمام وزراء اطلاعات نے فرنٹ لائن پر کھڑے ہو کر عوام کو درست حقائق سے آگاہ کرنے والے افراد کی حفاظت یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر اطلاعات نے 5 کروڑ روپے کا فنڈ قائم کیا ہے جو قابل تحسین ہے کیونکہ اس وقت سوشل میڈیا پر غیرذمہ دار عناصر جھوٹی خبریں پھیلا کر عوام میں بے چینی پھیلا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں عوام سے بھی گزارش ہے کہ وہ اصل حقائق جاننے کیلئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو استعمال کریں تاکہ وہ ملک میں ہونے والی تبدیلی سے آگاہ رہیں۔ وزارت اطلاعات کو بھی چاہئے کہ وہ جعلی خبروں کی روک تھام کیلئے میکنزم تشکیل دے تاکہ جعلی خبریں پھیلانے والے افراد کا محاسبہ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ میڈیا سے وابستہ افراد کو فی الفور حفاظتی کٹس دی جائیں تاکہ وہ مختلف جگہوں پر جا کر عوام کو اصل حقائق سے باخبر رکھنے کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔