کراچی (کلچرل رپورٹر) اداکارہ ماہرہ خان اور بلال اشرف ان دنوں برطانیہ میں اپنی فلم’’سپرسٹار‘‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں جہاں انہوں نے ’’ٹوئٹر‘‘ ہیڈ کوارٹر زکا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر بارناڈو پینل گفتگو کا سیشن رکھا گیا تھا۔ اس خصوصی تقریب میں بارناڈو کے بین الاقوامی سفیر کے طور پر شرکت کی۔ اداکاروں نے بارناڈو کے چیف ایگزیکٹوجاوید خان کے ساتھ پینل گفتگو میں سوشل میڈیا اور اس کے ذہنی صحت پر مضمرات پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ مجھے بارنارڈو کے کنبے میں شامل ہونے پر خوشی ہے ۔ خود ایک ماں ہونے کے ناطے مجھے لگتا ہے کہ یہ واقعی اہم ہے کہ بالغ نوجوانوں کی باتیں سنیں اور اس بارے میں سوچیں کہ ہمارے فیصلوں سے ان کے مستقبل پر کیا اثر پڑتا ہے ۔ میں سمجھتی ہوں کہ سوشل میڈیا کتنا طاقتور اور حیرت انگیز ٹول ہوسکتا ہے ، لیکن میں یہ بھی جانتی ہوں کہ یہ کتنا اہم ہے کہ ہم اپنے بچوں کو آن لائن محفوظ رکھنے کے لئے پوری کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ماہرہ خان اور بلال اشرف اب جنوبی ایشین کی پہلی اداکار جوڑی ہیں جنہوں نے ٹوئٹر یو کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔