مقدس مقامات کے اطراف جرائم پیشہ افراد کے ڈیروں کے باعث ہوٹلز میں ٹھہرنے والے زائرین قیمتی مال اور نقدی سے محروم ہونے لگے۔ سی سی پی او لاہورنے ایس پی سٹی اور دیگر پولیس افسروں کو سرچ آپریشن کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ پریشانیوں اور مجبوریوں کے ستائے لوگ مقدس مقامات کا رخ کرکے اپنے دل کو سکون پہنچاتے ہیں لیکن ان مقدس مقامات کے گردونواح میں جرائم پیشہ افراد اپنے حلیے تبدیل کر کے ڈیرے ڈالے بیٹھے ہیں جو زائرین کو نہ صرف نقدی اور قیمتی سامان سے محروم کردیتے ہیں بلکہ بسااوقات خواتین اور بچوں کو اغوا بھی کرلیتے ہیں۔ مقدس مقامات کے گردونواح میں موجود ہوٹلز پر اگر کوئی شخص کمرہ لے کر رات بسر کرتا ہے تو جرائم پیشہ افراد مانگنے والوں کے روپ میں انہیں لوٹ لیتے ہیں۔ مقدس مقامات کے گردونواح میں پولیس کو معمول سے ہٹ کر روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن کا سلسلہ شروع کرنا چاہیے تاکہ زائرین بلا خوف وخطر اپنی عقیدتوں اور محبتوں کانذرانہ پیش کر سکیں ۔ زائرین کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں کے اہل علاقہ اور تاجروں کو بھی جرائم پیشہ افراد سے بچایا جا ئے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے رواں سال 50 بچوں کو داتادربار کے علا قے سے ریسکیو کیا ہے جن میں اکثر نشے کے عادی ہیں جبکہ کچھ جنسی ہوس کا نشانہ بھی بن چکے ہیں۔ گو سی سی پی او نے سرچ آپریشن کے احکامات جاری کئے ہیں لیکن یہ سلسلہ قائم رکھنا چاہیے تاکہ زائرین کو تحفظ فراہم کرکے مقدس مقامات کو محفوظ اور پرامن بنایا جا سکے۔