لاہور(نمائندہ خصوصی سے )مسجد وزیر خان کے حوالے سے انکوائری رپورٹ مکمل ہو گئی ۔ انکوائری آفیسر کی جانب سے کی گئی سفارشات کی روشنی میں سیکرٹری اوقاف کے حکم سے سرکل چار اوقاف لاہور کے سینئر کلرک محمد ریاض اور رینٹ کلرک محمد عمران کو بھی معطل کر دیا گیا جبکہ منیجر اشتیاق احمد پہلے ہی معطل کئے جا چکے ہیں، ان تینوں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔انکوائری آفیسر ڈائریکٹر فنانس اوقاف ملک عبد الوحید نے اپنی رپورٹ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر ارشاد احمد کو پیش کی۔ انکوائری آفیسر نے رپورٹ میں تجویز کیا کہ مسجد وزیر خان میں فلمائے گئے ڈانس کی ویڈیو کو بین کر نے کے لئے پیمرا کو مراسلہ بھیجا جائے تاکہ وہ مستقبل میں کسی ڈرامے ، شارٹ فلم یا گانے کا حصہ نہ بن سکے ،فلم کی عکسبندی کرنے والے پروڈیوسر اور فنکاروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کر ائے جائیں،انکوائری آفیسر نے مستقبل میں محکمہ اوقاف کی صوبہ بھر میں موجود تمام مساجد میں اس قسم کی ایکٹیوٹی کی اجازت نہ دینے کی سفارش بھی کر دی جبکہ ایڈمنسٹریٹر لاہور زون عابد شبیر لغاری نے پروڈیوسر اور دونوں فنکاروں کے خلاف تھانہ اکبری گیٹ میں مقدمہ کے اندراج کی درخواست جمع کرادی ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے آج پیمرا حکام کو مراسلہ ارسال کیا جائے گا۔