اسلام آباد(92نیوز رپورٹ، آن لائن)اسلام آبادہائیکورٹ نے سری نگرہائی وے پرجے یوآئی کے ممکنہ دھرنے سے متعلق اپنے حکمنامے میں کہا ہے کہ انتظامیہ این اوسی کی خلاف ورزی پرسختی سے نمٹے ،چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے اسلام آبادانتظامیہ کی درخواست پرحکم جاری کیا۔انہوں نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاترنہیں،خلاف ورزی کرنے والوں کاسٹیٹس دیکھے بغیرکارروائی کی جائے ،سیاسی جماعتیں اورسیاسی رہنماقانون پرعمل درآمدکے پابندہیں۔چیف جسٹس اطہرمن اللہ کا تحریر کردہ فیصلہ 4 صفحات پر مشتمل ہے ۔قبل ازیں اسلام آباد انتظامیہ نے سرینگر ہائی وے پر جے یو آئی کے ممکنہ دھرنے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی ۔ ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد کے ذریعے دائر درخواست میں کہا گیا کہ کہ عدالتی ہدایات کی روشنی میں اجتماع کا این او سی جاری کیالیکن سپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق جے یو آئی سرینگر ہائی وے بلاک کر رہی ہے ،این اوسی کی خلاف ورزی پر شوکاز بھی جاری کر دیا، درخواست کے مطابق مرکزی شاہراہیں بند کرنے اورریڈ زون داخلے سے عوام کے جان و مال کو خطرہ ہے ۔این او سی کی خلاف ورزی سے اسلام آباد میں امن وامان کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے ۔عدالتی حکم پرسری نگر ہائی وے سمیت تمام روڈز کھلی رکھنے کانوٹیفکیشن جاری کیاگیا۔درخواست میں مفتی عبداﷲ اور مولانا عبدالمجید ہزاروی کو فریق بنایا گیا۔