لاہور (نامہ نگار خصو صی،کرائم رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) لاہور رنگ روڈ زیادتی کیس میں 20 روز بعد اہم پیش رفت، پولیس متاثرہ خاتون کو بیان دینے پر راضی کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون ابتدائی بیان بذریعہ ٹیلی فون دے گی۔ ذرائع کیمطابق پولیس عدالت سے ان کیمرہ ٹرائل کی درخواست کرے گی، دوران ٹرائل متاثرہ خاتون کا فرضی نام استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔متاثرہ خاتون نے ملزم شفقت علی کی شناخت کرنے پر بھی رضا مندی ظاہر کر دی ہے ۔ 20 روز بعد مرکزی ملزم عابد ملہی اب بھی پولیس کی پہنچ سے دور ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم اب بھی پنجاب کی حدود میں ہے ، ملزم بھکاری اور مزدور کے روپ میں ہو سکتا ہے ۔دوسری جانب لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس پر سماعت ہوئی، عدالت نے ملزم شفقت کی شناخت پریڈ کیلئے پولیس کو مہلت دیدی، جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔