اٹک(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں ) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ میاں صاحب نے بتادیا ان کو کیوں اور کس نے نکالا۔ اٹک میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو عوام سے محبت کی سزا مل رہی ہے ۔ نواز شریف نے 18 سال پہلے بھی عوام سے محبت کی سزا بھگتی۔ میاں صاحب روزے کی حالت میں چار، چار گھنٹے نیب میں بیٹھے رہے ، 70 سے زیادہ پیشیاں بھگت چکے ہیں۔ جس کا نام پانامہ میں ہے ہی نہیں وہ 70 سے زائد پیشیاں بھگت چکا ہے ، جن کے پانامہ میں نام آئے وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔ پانامہ کے باقی 400 لوگوں کو کسی نے پوچھا بھی نہیں۔مریم نواز کے مطابق نواز شریف ووٹ لے کر آتے ہیں، کچھ لوگ سازش کرکے نکال دیتے ہیں، آپ کا لیڈر سرخرو ہوا، ایک پائی کی منی لانڈرنگ، کرپشن ثابت نہ ہوئی، نواز شریف کو پارٹی صدارت سے نکالا گیا، عوام کی محبت کم نہ ہوئی۔ مان لو تم ہار گئے ، جتنی مرضی دھاندلی کرکے لوٹے بناؤ، الیکشن میں ووٹ عوام نے دینا ہے لوٹوں نے نہیں۔ قبل ازیں عدالت میں پیشی کے بعد مریم نواز نے ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا کہ آج نواز شریف نے نہ صرف قوم کو یہ بتا دیا کہ انہیں کیوں نکالا بلکہ یہ بھی بتا دیا کہ انہیں کس نے نکالا۔