شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ایک صوبیدار اور لانس نائیک شہید اور دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ میرانشاہ میں فوج کی گاڑیاں معمول کے گشت پر رہتی ہیں اور فوجی جوان اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر علاقے کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا فریضہ انجام دیتے ہیں لیکن دہشت گرد بھی اپنی مذموم کارروائیوں کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے‘ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اس نے دہشت گردی کے خلاف دنیا کی ناقابل یقین جنگ لڑی ہے جس کے نتیجہ میں دہشت گردی کے شکار شمالی علاقوں میں امن و امان کا قیام ممکن ہوا‘سکیورٹی فورسز نے قیام امن کے لئے کئی آپریشن کئے۔ ہزاروں سکیورٹی اہلکار اور افسر شہادت کے درجہ پر فائز ہوئے جبکہ جانی نقصان کے ساتھ ساتھ ملک کو غیر معمولی اقتصادی نقصان بھی برداشت کرنا پڑا‘ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ شدت پسندوں کے بہی خواہ اور سہولت کار آج بھی ان علاقوں میں سرگرم عمل ہیں اور غیر ملکی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں لیکن پاک فوج کے جوان دہشت گردی کے تعاقب میں رہتے ہیں‘ پاک فوج اور پوری قوم کا عزم ہے کہ وہ اپنے ملک کو آخری دہشت گرد سے پاک کر کے رہیں گے۔