بارہ سال قبل جب ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار بارک اوبامہ نے امریکہ میں عہدہ صدارت سنبھالا ، تو عرب ممالک خصوصاًفلسطین میں خاصی امیدیں بندھی ہوئی تھیں۔ مجھے یاد ہے کہ مسلم آوٹ ریچ کے پلان کے تحت ا مریکی انتظامیہ نے چنیدہ بھارتی مسلمانوں کے ایک وفد کو واشنگٹن بلایا تھا۔ واپسی پر اس کے ایک رکن انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے صدر سراج قریشی نے باضابط ایک پریس کانفرنس منعقد کرکے یہ مژدہ سنایا کہ بس ایک برس کے اندر عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ فلسطین حل ہونے والا ہے۔ جب ان سے مزید استفسار کیا گیا ، تو ان کا کہنا تھا کہ خود صدر اوبامہ نے وائٹ ہاوس میں ان کو یہ یقین دہائی کروائی ہے۔ نوبل انعام کمیٹی نے بھی شاید ان ہی امیدوں کی وجہ سے2009 میں اوبامہ کو پیشگی نوبل پرائز برائے امن سے سرفراز کیا تھا۔ کمیٹی نے سند میں لکھا تھا:’’ شاذو ناز ہی کسی فرد نے اس حد تک دنیا کی توجہ حاصل کی ہے اور عوام کو بہتر مستقبل کی امید دی ہے۔ انکی (اوبامہ) سفارت کاری کی اساس ان اصولوں پر قائم ہے کہ رہنمائی کرنے والے افراد کو ایسے اقدار اور رویے اپنانے چاہیں، جو دنیا کی اکثریتی آبادی کے ساتھ مشترک ہو۔‘‘مگر ان کے عہدہ صدارت کے اختتام تک سبھی امیدیں معدوم ہو چکی تھیں۔ امن تو دور کی بات، جاتے جاتے وہ مشرق وسطیٰ کو مزید گرداب میں چھوڑ کر گئے۔ یمن ،شام اور لیبیا میں خانہ جنگی ، ترکی میں منتخب حکومت کیخلاف فوجی بغاوت کی پشت پناہی اور مصر میں نئی نویلی جمہوریت کو قتل کرنے جیسے کئی نہ مٹنے والے داغ لیکراوبامہ وائٹ ہاوس سے رخصت ہوگئے۔ اوبامہ کی تخت نشینی کے بارہ سال بعد جوں جوں جوائے بائیڈن کی صدات سنبھالنے کی تاریخ قریب آرہی ہے، ایک بار پھر مشرق وسطیٰ امید اور تذبذب کی کیفیت میں ہے۔ گو کہ یہ لگ رہا ہے کہ وائٹ ہاوس میں کرسی سنبھالنے کے بعد وہ ڈونالڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے روگردانی نہیں کریں گے، مگر بتایا جا رہا ہے کہ عرب ممالک کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کی دوڑ میں فلسطینیوں کو چند رعائتیں دینا انکے پلان میں شامل ہوگا۔ صدر ٹرمپ نے عرب ممالک کو مجبور کیا تھا کہ بغیر کسی شرط کے وہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کریں۔ اس کے علاوہ انہوں نے مغربی کنارہ میں مزید یہودی بستیوں کی آباد کاری کی حمایت، یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہوئے، فلسطینی علاقوں کیلئے امداد بھی روک دی۔ اس کے علاوہ ’’ڈیل آف سینچری‘‘ کی نقاب کشائی کرکے مسئلہ فلسطین کو دفن کرنے کے سامان مہیا کروائے۔ ٹرمپ نے تو حلیف یورپی ممالک کی ناراضگی جھیلتے ہوئے، امریکی مڈل ایسٹ پالیسی کو پوری طرح الٹا کردیا۔ گو کہ اکثر ممالک نے ٹرمپ کے اپروچ کو امن عالم کیلئے خطرہ بتایا، مگر چند مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک عرصے کے بعد کسی امریکی صدر نے فیصلے لینے کیلئے خود اعتمادی اور قوت ارادی دکھائی۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈیموکرٹیک پارٹی کے لیڈروں میں قوت ارادی کی کمی ہوتی ہے اور وہ زیادہ تر اپنی اسٹیبلشمنٹ کے ہی دست نگر رہتے ہیں۔ ایک عرصے کے بعد وائٹ ہاوس میں کسی نے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، سی آئی اے اور پنٹاگون کو درکنار کرتے ہوئے فیصلے لئے۔ ٹرمپ نے امریکی افسر شاہی کو بھی زچ کیا تھا، اور پچھلے چار سالوں میں 500کے قریب افسران و وزیروں کو احکامات بجا نہ لانے پر یا تو برخاست کیا یا ان کو کم رتبہ والے عہدوں پر ٹرانسفر کیا۔ ٹرمپ کے عہدہ صدارت کے دوران یہ تو احساس ہوا کہ وہ آزادانہ فیصلے کرتے ہیں ۔ اسلئے دنیا بھر کے حکمران امریکی سفیروں اور وزیروں کو درکنار کرتے ہوئے ، ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر تک رسائی حاصل کرکے اپنا مطلب نکلواتے تھے۔ بائیڈن کے اقتدار میں آنے سے ایک بار پھر محکمہ خارجہ، دفاع و خفیہ اداروں کے دن پھرجائیں گے۔ ان کے تجزئیے صدر کے فیصلوں پر اثر انداز ہونگے۔ بائیڈن کے عہدہ صدارت میں امریکہ کی روایتی سفارت کاری ایک بار پھر صف اول میں آجائیگی۔ نئے امریکی وزیر خارجہ انتھونی جان بلنکن بھی ایک روایتی سفارت کار ہیں۔ مگر اس کا مطلب ہوگا کہ مختلف اداروں یعنی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ، پنٹاگون، اور سی آئی اے کے درمیان مخاصمت، رسہ کشی اور رقابت کا دور بھی واپس آجائیگا۔ بڑا سوال ہے کہ اوبامہ نے مشرق وسطیٰ میں جس طرح امیدیں جگائیں تھیں، کیا بائیڈن ان میں کوئی رمق پیدا کرنے میں کامیاب ہو پائیں گے؟ بارہ سال قبل کا خوشگوار ماحول اب نفرت میں تبدیل ہو گیا ہے۔ اسرائیل نے فلسطینی اور عرب بستیوں کو الگ تھلگ کرنے کیلئے نہ صرف دیواریں کھڑی کری دی ہیںبلکہ چند برس قبل اس خطے کا دورہ کرکے میں نے دیکھا کہ پرانے یروشلم شہر میں رہنے والے کٹر انتہا پسند یہودیوں نے بازار کے اوپر چھت تعمیر کرکے اپنے لئے الگ گذر گاہیں بنائی ہیں، تاکہ نیچے گلیوں سے گذرتے ہوئے ، فلسطینی دکانداروں یا راہگیروں کے ساتھ آمنا سامنا نہ ہو۔ اس شہر سے مسلسل کسی نہ کسی بہانے عرب آبادی کو بے دخل کیا جا رہا ہے۔ 20سا ل قبل یہاں یہودیوں کی آبادی دو لاکھ تھی ، جو اب چھ لاکھ سے زیادہ تجاوز کر چکی ہے اور مسلم آبادی کا تناسب 36%تک گھٹ گیا ہے۔ گو کہ ڈیموکریٹک پارٹی کا ایک بااثر حلقہ یورپی ممالک کی طرح اوسلو اکارڈ کے دو اسٹیٹ فارمولہ کو تسلیم کرتا ہے، اور اسکو لاگو کروا نے پربضد ہے، مگر ڈیل آف سنچری نے سب سے پہلے اسی ایکارڈ کو دریا برد کر دیا ہے۔ اس دوران فلسطین میں بھی محمود عباس کی قیادت میں فلسطینی اتھارٹی کے وقار و اثر و نفوذ میں خاصی کمی آگئی ہے۔ اسرائیل کے نوآبادیاتی طرز عمل اور نسلی امتیاز کی پالیسی نے مسائل کو اور بھی پیچیدہ بنادیا ہے۔ جوائے بائیڈن کیلئے وافر موقع ہے کہ وہ اپنے متعلق منفی سوچ رکھنے والے تجزیہ کاروں کو غلط ثابت کریں۔ جو امیدیں 2009میں اوبامہ کے ساتھ لگائی گئی تھیں اور جن کو وہ سلاکر چلے گئے، ان کو جگا کر،دنیا کو ایک پیغام دیں۔ چونکہ کشمیر اور فلسطین دنیا اور عالم اسلام کے کلیدی مسائل ہیں اور جن کی وجہ سے مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشاء تذبذب کی کیفیت میں مبتلا ہے، اگر بائیڈن ان کو حل کی طرف گامزن کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں، تودنیا ان کی احسان مند رہیگی۔ چین کے ساتھ نپٹنے یا کامرس کے نام پر اگر بائیڈن بھارت کو رعا یتیں دلواتے ہیں ، تو ان کی انتظامیہ کیلئے لازم ہے کہ اس کے بدلے وزیر اعظم مودی کی حکومت کو اقلیتوں کے تئیں اپنے رویہ میں تبدیلی کرنے اور کشمیر کے حوالے سے کسی مثبت پیش رفت کرنے پر مجبور بھی کریں۔ یہ رعایتیں یک طرفہ نہیں ہونی چاہیں۔ کورونا وائرس اور اس سے نمٹنے میں دینا کی بے بسی نے یہ تو ثابت کر دیا ہے کہ دنیا سیاسی بے چینی اور ہتھیاروں کی دوڑ کی اب متحمل نہیں ہوسکتی ہے۔ سبھی ممالک کو صحت عامہ ، اور ماحولیات کیلئے خطیر سرمایہ کی ضرورت ہے۔ کیونکہ خورد بینی دشمن سرحدوں کو مانتا ہے نہ انسانی نسل اور مذہب میں تفریق کرتا ہے۔ یہ امیر اور غریب میں بھی فرق نہیں کرتا ہے۔ کیا یہ اچھا ہوتا کہ بائیڈن دنیا کے سیاسی تنازعات کو ان علاقوں میں رہنے والے غالب اکثریتی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کروانے میں رول ادا کریں، تاکہ دنیا امن کا گہواہ بن کر دیگر اہم امور کی طرف توجہ مرکوز کر سکے۔ شاید اسی سے نوبل کمیٹی کی طرف سے اوبامہ کو دئے گئے پرائز کی سند کی توثیق بھی ہوگی۔