پشاور، طورخم(92 نیوز،این این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ پاک افواج کے خلاف بات کرنے اور کسی کو سازش کی اجازت نہیں دیں گے ،دوراندیش سیاست میں مذاکرات کے دورازے کبھی بند نہیں کرتے ، مولانا فضل الرحمن سے کہتاہوں کوئی بحران پیدا نہیں ہوگا،نوازشریف کوواپس لینے کے لیے برطانوی حکومت سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا، 16فروری کو نوازشریف کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں ہوگی، لانگ مارچ کیا تو حکومت حرکت میں آئے گی۔پشاور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے سیاسی جماعتوں کی عسکری تنظیمیں ختم کرنے کااعلان کردیا۔انہوں نے کہا جو این جی او ز سیاست میں ملوث پائی گئیں ان کے خلاف نوٹس لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا پیپلزپارٹی کا سینٹ انتخاب میں حصہ لینا اچھا فیصلہ ہے ،فضل الرحمن اپوزیشن کو بند گلی میں لے گئے ہیں،ان کا قومی سیاست میں کوئی کردار نہیں رہا۔انہوں نے کہا عمران خان مافیا کے خلاف ننگی تلوار لے کر لڑرہے ہیں، اﷲ پاک عمران خان کیلئے راستے آسان کردے گا۔ انہوں نے کہا مفتی کفایت اﷲ کے خلاف کیس خیبرپختونخوا حکومت کو بھجوادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کرپشن کے خاتمے کے لئے آن لائن ویزہ سسٹم لا رہے ہیں،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو کرک واقعہ پر سخت نوٹس لینے کا کہا ہے ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ ن لیگ سے بیک ڈور مذاکرات کا علم نہیں، آج ہو یا کل آخر کار بات ہونی ہے ۔ادھروزیر داخلہ نے طورخم بارڈر کا دورہ کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا افغانستان کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ سسٹم میں بین الاقوامی معیار کے مطابق جدت لا رہے ہیں،طورخم بارڈر پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،اس بارڈر کے ذریعے ہم وسطی ایشیا تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں،افغانستان کوبھی مسافروں کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات کرنے چاہئیں، طورخم بارڈر پر امپورٹ ایکسپورٹ کیلئے جدید نظام لارہے ہیں۔شیخ رشید احمد آج صبح دس بجے نادرا آفس مری روڈ راولپنڈی کا دورہ کریں گے اور میڈیا سے گفتگو کریں گے ۔