کراچی(سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد ؒکی انتظامیہ نے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل، پی ٹی آئی رہنماؤں حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی کو مزارمیں داخلے سے روک دیاجبکہ نامزد وزیراعلی ٰسندھ مراد علی شاہ، نثار کھوڑو، سہیل انور سیال، سعید غنی، اور جیالوں کو بڑی تعداد میں پروٹوکول کیساتھ پیپلزپارٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے مزار قائد پر حاضری کا موقع دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مزار قائد اعظمؒ پر حاضری دینے پہنچے تو انتظامیہ نے انہیں جانے سے روک دیا ۔عمران اسماعیل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مزار قائد کے گیٹ پر ہی فاتحہ خوانی کی ۔بعد ازاں انتظامیہ نے معاملے کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اندر جانے کی اجازت دے دی تاہم پی ٹی آئی کے رہنما ناراضی میں وہاں سے چلے گئے ۔عمران اسماعیل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک نامزد وزیراعلی ٰکو پروٹوکول دینا اور دوسری جانب نامزد گورنر کو داخلے کی بھی اجازت نہ دینا سمجھ سے بالا ترہے جبکہ مزارقائد مینیجمنٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نامزد گورنر عمران اسماعیل کو مزار قائد پر حاضری دینے سے منع نہیں کیا ۔جس وقت عمران اسماعیل مزارپر حاضری دینے پہنچے ،تو سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی گاڑیاں باہر نکل رہی تھی ۔ عمران اسماعیل سے 2منٹ انتظا رکا کہاگیا مگر وہ برا مان گئے ،اجازت ملنے کے بعد عمران اسماعیل نے آنے سے منع کردیا ۔