کراچی(این این آئی)اقوامِ متحدہ آبادی فنڈ سروے میں کہاگیا ہے کہ اگلے 20 سال میں پاکستان کو 81 ہزار 200 اسکولوں کی ضرورت ہوگی ۔اقوامِ متحدہ آبادی فنڈ اور دیگر اداروں کے اشتراک سے ہونے والے سروے کی چاروں صوبوں کی تعلیمی رپورٹ جاری کر دی گئی جس میں کہا گیا ہے کہاقوام متحدہ پنجاب میں آئندہ بیس سال میں مزید 35000 ، سندھ میں 25000، خیبر پختونخوا میں 14000 اوربلوچستان میں 7200 اسکول درکار ہوں گے ۔پنجاب میں 5 سے 16 سال کی عمر کے چار بچوں میں سے ایک بچہ سکول داخل نہیں ہوپاتا اور یہاں 22 فیصد لڑکے اور 31 فیصد لڑکیاں پرائمری تعلیم تک حاصل نہیں کر پاتیں۔ بلوچستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی صورتِ حال انتہائی ابتر ہے ، جہاں بچیوں کی آدھی سے زیادہ آبادی کو سکول تک رسائی میسر نہیں جبکہ سندھ میں 5 سے 16 سال کی عمر کی 46فیصدلڑکیاں پرائمری سکول تک نہیں جا پاتیں۔خیبر پختونخوا میں سکول نا جانے والی بچیوں کی تعداد آبادی کا 40 فیصد ہے ، اگر حکومت نے تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے ترجیحی بنیاد پر کام نہ کیاتو اگلے بیس سال میں بچوں کے لئے پرائمری تک تعلیم حاصل کرنا مزید محال ہو جائے گا۔