اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ ایک سال میں نواز کرپٹ رشوت آفر کرنے والے سے دودھ کا دھلا ہوا ہوگیا۔اپنے ٹویٹ میں شہبازگل نے کہاایک سال پہلے یہی کاوے موسوی کہہ رہا تھا نواز کرپٹ ہے اور اس نے مجھے رشوت آفر کی،کیا ہو گیا کہ ایک سال میں نواز کرپٹ ،رشوت آفر کرنے والے سے دودھ کا دھلا ہوا ہو گیا،تب جھوٹ تھا یا اب؟ کاوے ایک کرائے کا جاسوس ہے ، مالی معاملات کی کھوج لگاتا ہے ، ن لیگ ایسے پیش کر رہی ہے جیسے کوئی عدالت ہو۔ایک اورٹویٹ میں شہبازگل نے کہا شہباز شریف ساری دنیا کی باتیں کر رہے ہیں،اتنا نہیں بتا رہے کہ مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں 4 ارب کہاں سے آئے ، کاوے کا بیان جج شمیم والے ڈرامے کی دوسری قسط ہے ،ابھی اور کرائے کے گواہ پیدا کئے جائیں گے لیکن نہیں ملیں گی تو رسیدیں نہیں ملیں گی۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مصدق عباسی نے کہا ہے کہ کاوے موسوی کا بیان ریکارڈ پر ہے کہ نواز شریف نے براڈ شیٹ عدالتی فیصلے سے متعلق سراسر جھوٹ بولا، آخر اس طرح بیان بدلنے کی کیا ضرورت پیش آگئی، اب اس سارے تناظر میں کاوے موسوی کا اس طرح کا طرز عمل معاملے کومزید مشکوک بناتا ہے ، ہمارے پاس ایون فیلڈ اپارٹمنٹس سے متعلق کافی شواہد ہیں، وزیر اعظم عمران خان کہیں تو ایون فیلڈ کی مزید تحقیقات کریں گے ، سب کچھ صاف ہو جائے گا۔انہوں نے کہا خود کو نوازشریف کا بھتیجا بتانے والے نے رشوت کی آفر کی تھی۔