لاہور سے روزنامہ 92نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور سمیت صوبہ بھر کی ہائوسنگ سوسائٹیوں میں خالی پلاٹوں کی تفصیلات جمع کرنے کے حوالے سے احکامات جاری کر دیئے ہیں جن پر محکمہ ایکسائز پنجاب نے کام شروع کر دیا ہے۔ اب جبکہ پنجاب بھر میں قبضہ مافیاکیخلاف کریک ڈائون کا سلسلہ جاری ہے تو ضرورت اس امر کی بھی ہے کہ مختلف ہائوسنگ سوسائٹیوں میں جو خالی پلاٹ پڑے ہیں وہ کن لوگوں کی ملکیت ہیں۔ کیا یہ لوگ ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہائوسنگ سوسائٹیوں کے مالکان سے اس سلسلہ میںمعلومات حاصل کرنے کے ساتھ ان ہائوسنگ سوسائٹیوں کے مالکان کے اثاثوں کا بھی پتہ لگایا جانا چاہیے کہ پلاٹوں کا کاروبار کرنے والے یہ مالکان خود بھی ٹیکس ادا کر رہے ہیں یا نہیں ۔خالی پلاٹوں کے جو مالکان ٹیکس ادا نہیں کر رہے ہیں انہیں نہ صرف ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے بلکہ ان سے گزشتہ برسوں کی رقوم بھی وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائیںاور ان کی خرید و فروخت کو محکمہ ایکسائز کے قوانین کا پابند بنایا جائے۔ علاوہ ازیں ایسے لوگوں کے خلاف بھی بھر پورکارروائی کی جانی چاہیے جنہوں نے اصل مالکان کو جعل سازی سے بے دخل کر کے ان کے پلاٹوں پر قبضہ کر رکھا ہے۔ حکومت2016 میںخالی پلاٹوں پر بھی ٹیکس عائد کر چکی ہے لہذاایسے تمام پلاٹوں کا سروے کرکے ان کوٹیکس نیٹ میں لا کر قومی خزانے میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔