لاہور(رپورٹ :قاضی ندیم اقبال)چینل92نیوز کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا، چہلم حضرت سیدنا امام حسین ؓ اورسالانہ عر س حضرت سید علی بن عثمان الہجویری ؒ کے موقع پر داتا دربار سے معروف مذہبی پروگرام’’نور قرآن ‘‘ کی لائیو ٹرانسمیشن پیش کی گئی۔’’نور قرآن ‘‘ ملکی تاریخ میں پہلی بار حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار پر انوار کے احاطہ سے براہ راست نشر کیا جانے والا پہلا تاریخی اورمنفردپروگرام ہے ۔تفصیل کے مطابق حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری ؒ کے سالانہ عرس کے تیسرے اور آخری روز داتا دربار کمپلیکس سے صبح7بجے سے 9بجے تک معروف پروگرام ’’نور قرآن ‘‘ کی لائیو ٹرانسمیشن کی گئی۔ حاضرین نے ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب کی میزبانی کے دھیمے ، سادہ اور مدلل انداز کوخوب سراہا جبکہ پروگرام میں شریک مفتی محمد فاروق قادری ، سید حامد سعید کاظمی(سابق وفاقی وزیر مذہبی اور )، مفتی محب اﷲ نوری (بصیر پور)، مفتی صدیق ہزاروی ، شیخ الحدیث(جامعہ ہجویریہ)، سید شمس الرحمٰن مشہدی (معروف عالم دین)، علامہ ظہیر بٹ (ڈنمارک) نے ’’چہلم سیدنا امام حسین ؓ اور عرس مبارک حضرت داتا علی ہجویری ؒ ‘‘ کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی ۔معروف نعت خوان شہباز قمر فریدی نے متعدد مناقب پڑھنے کی سعادت حاصل کی ۔ دو گھنٹے پر محیط پروگرام میں نہ صرف میزبان بلکہ پروگرام میں شریک علمی ، مذہبی اورادبی حوالے سے اپنی پہچان کی حامل نامور شخصیات کی جانب سے اپنی نپی تلی ، مدلل اور تواریخ کے آئینے میں کی گئی گفتگو نے جہاں داتا دربار میں موجود سینکڑوں حاضرین کو نئے اسلوب سے روشناس کرایا، وہیں زائرین ان شخصیات کی گفتگو سے گھرانہ پنجتن پاک ؓ کے فیوض و برکات، انکے طفیل اور وسیلے سے مانگی گئی دعائوں کی قبولیت اور اس گھرانے سے دلی طور پرجڑے ہوئے افراد کی بابت نبی کریم ﷺ کے اقوال زریں سے بھی متعارف ہوئے ۔ پروگرام کے اختتام پر ہر عمر اور مکتبہ ہائے فکر سے وابستہ افراد نے ولی کامل حضرت قدوۃ السالکین زبدۃ العارفین حجتہ الکاملین سندالواصلین مظہر العلوم المخدوم السید ابو الحسن حضرت سید علی بن عثمان الہجویری ؒ کے 976ویں سالانہ عر س کے موقع پر مزار پر انوار کے احاطہ سے کئے گئے لائیو پروگرام کا سلسلہ آنیوالے دنوں میں بھی جاری رکھنے کا نہ صرف مطالبہ کیا بلکہ چیئر مین ’’92‘‘ نیوز میڈیا گروپ اینڈمدینہ گروپ آف انڈسٹریزمیاں محمد حنیف، سی ای او ’’92‘‘ نیوز میاں محمد رشید، گروپ ایڈوائزر’’92‘‘ نیوز اسلم ترین کو بھی اس بہترین اقدام پر مبارکباد پیش کی ۔ پروگرام کے اختتام پر زائرین کی ایک بڑی تعداد نے شرکاء پروگرام کیساتھ سیلفیاں بنائیں۔دوسری جانب صوبائی وزیر اوقاف سعید الحسن شاہ ، پیر سید ناظم حسین شاہ ،پیرسید منور حسین جماعتی، مہتمم جامعہ نعیمیہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی ،پیر سید شفیق حسین بخاری، متحدہ علماء بورڈ کے چیئر مین علامہ طاہر اشرفی ، وائس چیئر مین مولانا ضیا ء الحق نقشبندی ،مولانا محمد حسین اکبر،مفتی محمد خان قادری ،پیر سید احمد رضا بخاری،میاں سلیم اﷲ اویسی ،علامہ شاہد گردیزی،پیر سید انوار الحسن شاہ،علامہ بدر الزمان قادری ،علامہ محبوب احمد چشتی، مفتی محمد اقبال چشتی و دیگر نے اولیائے کرام ؒ کی تعلیمات سے نوجوان نسل کو روشناس کرانے کیلئے ’’نور قرآن ‘‘ کی براہ راست نشریات مختلف اولیائے کرام ؒ کے مزارات سے نشر کرتے رہنے کا بھی مطالبہ کر دیا ہے ۔