لاہور (وقائع نگار، خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہاپوزیشن اپنے جال میں خود پھنس چکی ہے ،عوام کے حقوق پرکسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے اور گڈ گورننس کیلئے کیے گئے اقدامات کو بہترین طریقے سے عوام کے سامنے لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ 2برس کے دوران وہ کام کئے جو سابقہ حکومتیں برس ہا برس نہ کر سکیں ۔صوبے میں ون مین شو کاخاتمہ کیا ہے ۔ہر کام مشاورت سے اورایک ٹیم کے طورپر کام کررہے ہیں۔حکومت کے بروقت فیصلوں سے آٹے اورچینی کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے اور پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20کلو آٹے کا تھیلا مقررکردہ نرخوں پر دستیاب ہے اورسہولت بازاروں میں چینی 81روپے میں مل رہی ہے ۔ ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اوران کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے ۔عوام کے حقوق پرکسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ زندہ دلان لاہور 13دسمبر کوبھی11جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم کوآئینہ دکھا دیں گے ۔عوام کی زندگیوں کو داؤ پر لگاکر جلسہ سیاست کرنا سنگ دلی اوربے حسی ہے ۔قوم ایسے عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب میاں افضل حیات کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیاہے ۔ادھر وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں دھماکے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ دھماکے کے ذمہ دار وں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔انہوں نے زخمیوں کوبہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔