کراچی(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کے امکانات کو ایک مرتبہ پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک وفاقی اور سندھ حکومت میں تناؤ رہے گا تب تک سندھ میں ترقیاتی کام نہیں ہوسکتے ۔ گذشتہ روز یہاں گورنرہاؤس میں ونٹیج اینڈ کلاسک ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکلز کی نمائش کے موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ اچھا کام کررہے ہیں، عمران اسماعیل کا موقف ہے کہ سندھ حکومت کا تعاون نہیں ہے ، میں کوشش کروں گا یہ تعاون حاصل ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پیکج کے لیے سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کے ساتھ کام کرنا ہوگا، وفاق اور سندھ حکومت میں تناؤ رہنے تک یہاں ترقیاتی کام نہیں ہوسکتے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ گورنر ہاؤس اب نو گو ایریا نہیں، عوام کے لئے کھول دئیے گئے ہیں،جلد گورنر ہاؤس میں تین روزہ ادبی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تعلیم، ادب, ثقافت، سیمینارز، ورکشاپس، کتابوں کی نمائش سمیت دیگر تعمیری سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔گورنر ہاؤس میں منعقدہ ونٹیج اینڈ کلاسک ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکلزنمائش میں ملک کے مختلف شہروں سے آئی ہوئی بہترین کنڈیشن کی 50 ہارلے ڈیوڈ سن موٹر سائیکلز موجود تھیں۔ نمائش میں ہارلے ڈیوڈسن موٹر سائیکلز (1200 - 3500) شرکاکی توجہ کا مرکز بنی رہی اور لوگوں نے ان موٹر سائیکلز کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔