ساندہ کے علاقے میں ڈولفن اہلکاروں پر ون ویلنگ کرنے والے درجنوں نوجوانوں نے دھاوا بول دیا۔ پولیس نے 200 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے 14 ون ویلروں کو گرفتار کر لیا۔ ون ویلنگ کرنا موت کو دعوت دینے کے مترادف ہے لیکن ہمارے ہاں یہ سلسلہ باقاعدہ ایک مشغلہ بن چکا ہے۔ رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں میں سحری سے قبل اور بعد نوجوان باقاعدہ ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر ون ویلنگ کرتے ہیں جبکہ انہیں تحفظ دینے کیلئے کئی نوجوان ان کے اردگرد موجود ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ساندہ کے علاقے میں جب ڈولفن فورس نے موت کو دعوت دینے والے نوجوانوں کو ایسے کرتب سے روکا تو منچلوں نے ان پر دھاوا بول دیا۔ ڈولفن فورس کو زدوکوب کیا، اہلکاروں کی یونیفارم پھاڑ دیں۔ یہ منچلے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہیں گرفتار کرکے کڑی سزا دینی چاہئے۔ ایسے نوجوانوں کے والدین کو بھی خطرات سے آگاہ کیا جائے اور انہیں اپنی اولاد کو موت کے منہ میں جانے سے روکنے کا کہا جائے۔ ون ویلنگ مقابلوں کا انتظام کرنے والوں اور ان پر جوا لگانے والے افراد کا بھی محاسبہ کیا جائے۔ ڈولفن فورس تھانے کی پولیس کے ساتھ مل کر ایسے علاقوں میں گشت بڑھائے اور ڈی آئی جی آپریشن لاہو ر سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ایسے علاقوں پر زیادہ فوکس رکھیں، جیسے ہی کوئی خلاف قانون نقل و حرکت نظر آئے تو فوراً اس پر ایکشن لیا جائے، گزشتہ روز کے واقعہ کی بھی سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے انکوائری کی جائے تاکہ اس شیطانی کھیل کو فی الفور روکا جا سکے۔