اسلام آباد( غلام نبی یوسف زئی)سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت کے اندر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون اورلیگی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ میں جملے بازی ہوئی۔ جمعرات کو عدالتی کارروائی شروع ہونے سے قبل جب فواد چودھری کمرہ عدالت میں پہنچے تو وہاں پر وکلاء نشستوں پر بیٹھے ، فواد چودھری نے احسن بھون کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بھون صاحب ہم آپکے ساتھ ہیں جس پر احسن بھون نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جو آپ نے ہمیں پیسے دیئے ہیں وہ واپس لے لیں۔ فواد چودھری نے جواب میں کہا آپ آئین اور قانون کے ساتھ رہیں ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں ہم تو بس چائے کا کپ ہی پلا سکتے وہ جب چاہیں آکر پی لیں۔ فواد چودھری نے اعظم نذیر تارڑ کو کہا کہ جاکر آپ بندے پورے کریں حکومت ججز سے نہیں ووٹوں سے بنائی جاتی ہے ۔ فواد چودھری نے اعظم نذیر تارڑ کو یہ بھی کہا کہ آج میں آپ لوگوں کی کلاس لینے والا ہوں جس پر اعظم نذیر تارڑ نے فواد چودھری سے ہاتھ ملایا اور مسکراتے ہوئے احسن بھون کی طرف دیکھا اورکہا کہ ہم بھی آج آپ کی کلاس لینگے ۔