پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا شیڈول دے دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے خیبر پی کے حکومت سے بھی بلدیاتی الیکشن کا مجوزہ شیڈول طلب کرلیا ہے۔ لوکل حکومت کا نظام جمہوریت کی نرسری ہے۔ یہیں سے سیاستدان آگے کا سفر کرتے ہیں جبکہ اسی نظام سے عوام کے مسائل حل ہوتے ہیں۔ یو سی چیئرمین‘ کونسلر تک ہر امیر و غریب کی رسائی ہوتی ہے۔ وہ اپنے مسائل ان کے ذریعے اعلیٰ حکام تک پہنچا سکتے ہیں جبکہ مبتدی سیاستدانوں کا ان ہی عام لوگوں میں اٹھنا بیٹھنا ہوتا ہے جس بنا پر وہ بہتر انداز میں لوگوں کے مسائل حل کر کے ایک فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھ سکتے ہیں۔ صوبہ پنجاب نے اکتوبر تک بلدیاتی الیکشن کا عمل مکمل کرانے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔ اسی طرح خیبر پی کے سے بھی شیڈول طلب کر لیا گیا ہے۔ سندھ اور بلوچستان سے بھی بلدیاتی الیکشن کا شیڈول طلب کر کے ایک ہی وقت چاروں صوبوں میں الیکشن کروائے جائیں تاکہ جمہوریت کے ثمرات سے عام آدمی مستفید ہو سکے۔ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ لوکل گورنمنٹ کے سسٹم کو مضبوط بنا کر ضلعی حکومتوں کے ذریعے ترقیاتی کام کروائیں گے۔ ابھی تک انہوں نے اس کی شروعات نہیں کیں جس کے باعث ترقیاتی کام بھی رکے ہوئے ہیں۔ لہٰذا بلدیاتی الیکشن فی الفور کروا کر اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کا کام شروع کیا جائے۔