شورکوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی،این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو کبھی کم تر نہ سمجھا جائے ،پاکستان پراٹھنے والے ہاتھ کوکاٹ دینگے جوپاکستان کومیلی آنکھ سے دیکھے گا،اس کی آنکھ نکال دینگے ، پاک فضائیہ کا کوئی مقابلہ نہیں کر سکتا۔گزشتہ روز صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پی اے ایف رفیقی ایئربیس پر میراج طیاروں کی 50 ویں سالگرہ اور کلر ایوارڈز کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پی اے ایف نے 27 فروری 2019ء کو بالاکوٹ کے علاقے میں بھارتی طیارہ گرا کر اپنی اہلیت کو ثابت کر دیا اوردنیاکوبتادیاکہ ہم لاجواب ہیں،پاک فضائیہ کی کارکردگی سے میرا سر فخر سے بلند ہو گیا۔انہوں نے کہا کہ میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث فخر ہے ، 52 سال کے بعد بھی میراج طیاروں کو دفاع وطن کے قابل بنانا قابل ستائش ہے ، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو میراج طیاروں کا باقاعدہ استعمال کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو طیارے بناتا اور اس کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کے خاتمہ کا اعزاز بھی رکھتا ہے اور یہ اعزاز سپر پاورز اور دیگر کسی ملک کو حاصل نہیں ۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امن کی پیشکش کے باوجود بھارت کا کردار ایک انتہا پسند ریاست کا ہے کیونکہ درحقیقت بھارت کو خطرہ ہے کہ پاکستان بھارت پر حملہ کر سکتا ہے ، تاہم پاکستان بھارت کے عدم استحکام سے کبھی بھی خوش نہیں ہو گا کیونکہ اس طرح کی صورتحال سے خطے کے دیگر ممالک بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ ادارے کی سربراہی کرنے پر ایئر چیف مجاہد انور خان کو مبارکباد دیتے ہوئے ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تنازع کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق چاہتا ہے ۔ تقریب کے دوران مادر وطن کے دفاع کیلئے شاندار خدمات پر پی اے ایف کے سابق اور موجودہ افسروں اور ٹیکنیشنز کو ایوارڈز اورسووینئرسے نوازا گیا۔ پریڈ میں غیرملکی کیڈٹس بھی شریک تھے ۔ ایئرچیف نے صدر مملکت کو یادگاری شیلڈ پیش کی،صدر مملکت نے رفیقی ایئربیس پر بنائے جانے والے میراج مونومنٹ کا افتتاح بھی کیا۔ میراج طیاروں نے پی اے ایف میں شمولیت کے 50 سال مکمل کرلئے ۔ سال 2020 میں جاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان فضائیہ میں 70 ہزار ایکٹو ڈیوٹی پرسنل جبکہ 582 جنگی طیارے موجود ہیں۔