اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے انتہائی کامیاب انعقاد سے پوری امت میں پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے ۔ او آئی سی کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کیلئے خیر سگالی کا اظہار کیا۔جمعرات کو پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا سربراہ ہونے کے ناطے پاکستان او آئی سی کی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کی غرض سے ایک اور وزارتی اجلاس طلب کرے گا۔وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی اجلاس میں دیگر نمایاں تنازعات کو بھی بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کیلئے ایکشن پلان پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایکشن پلان اس سلسلے میں او آئی سی سیکرٹریٹ کے کردار کا تعین کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہترین او آئی سی کانفرنس ہوئی اور او آئی سی کانفرنس کے شرکا نے پاکستان کی تعریف کی جس سے گرین پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا۔کانفرنس میں وزیراعظم نے حالیہ معاملات پر بات کی۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیر اعظم نے روس یوکرین، کشمیر، فلسطین اور اسلامو فوبیا سے متعلق بات کی۔ انہوں نے کہا کہ روس یوکرین تنازع میں پاکستان کا کردار غیرجانبدارانہ ہے جبکہ چینی وزیر خارجہ نے دورے کی دعوت دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے رابطہ گروپ میں تفصیلی گفتگو ہوئی، کشمیری پاکستان سے بہت مطمئن ہیں۔