کراچی(این این آئی)پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر مشرف رسول سیاں نے چیف فنانشل آفیسر نیئر حیات کو ان کے منصب سے ہٹا دیا، اور جنرل مینجر بجٹ اسد عباس کو سی ایف او کا اضافی چارج دے دیا۔ ذرائع کے مطابق نیئر حیات کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن رات گئے جاری ہوا۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق نیئر حیات کو سی ایف او کے عہدے سے ہٹا کر چیف سپیشل پراجیکٹ بنا دیا گیا ہے ، اب وہ پی آئی اے کے سپیشل آڈٹ کی نگرانی کریں گے ۔ذرائع نے بتایا کہ نیئر حیات نے سی ای او مشرف رسول سیاں پر عائد مقدمات کیلئے وکلا کی فیس پی آئی اے فنڈ سے ادا کرنے سے انکار کیا تھا۔ عدالتی حکم کے برخلاف مشرف رسول نے اپنے وکیل کو 44 لاکھ روپے کی ادائیگی پر اصرار کیا جسے نیئر حیات نے کلیئر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔10 اگست کو نیئر حیات اور شعبہ فنانس کے جنرل مینجرز نے پی آئی اے کے چیئرمین اور بورڈ آڈٹ کمیٹی کے نام ایک مشترکہ خط بھی تحریر کیا جس میں ان تمام مالی بے ضابطگیوں کی طرف توجہ دلائی گئی تھی۔