لاہور؍کراچی ؍گمبٹ(اپنے نیوز رپورٹر سے ؍ سٹاف رپورٹر؍نامہ نگار)پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کو اندرون سندھ سے گرفتار کر لیا گیا۔قیصر امین بٹ کو لاہور نیب کی ٹیم نے گرفتار کیا۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کے سابق ایم پی اے قیصر امین بٹ سعد رفیق کے دست راست پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں شراکت دار تھے ۔ قیصر امین بٹ پر اربوں روپے کے گھپلے کرنے کا الزام ہے ۔ قیصر امین بٹ اور سعد رفیق کی 15سال سے پیراگون میں شراکت ہے ۔پیراگون سوسائٹی کیس میں اور کئی افراد پر بھی اربوں روپے گھپلوں کا الزام عائد ہے ۔ذرائع کے مطابق کارروائی نیب، رینجرز اور پولیس نے کی۔علاوہ ازیں نیب نے پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کے ساتھ خیر پور میں آصف زرداری کے قریبی دوست مبین جمانی کے گھر پر چھاپہ مار کر ایک شخص کامران بٹ کو حراست میں لیا ہے جو کہ انہیں کئی کیسز میں مطلوب تھا۔مزیدبر اں نیب لاہور نے پیراگون سوسائٹی کے اہم گواہ کا بیان ریکارڈ کرلیا، اہم دستاویزی شواہدبھی حاصل کرلئے ۔ذرائع کے مطابق بیان ریکارڈ کرانے والے شخص کا تعلق گلبرگ لاہور سے ہے ،وہ بیرون ملک بھی مقیم رہا ہے ۔احتساب عدالت نے فواد حسن فواد، احد چیمہ و دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 29 نومبر تک توسیع کر دی۔ اس کے علاوہ ڈی ایچ اے لاہور سٹی سکینڈل ریفرنس میں ملزم مراد ارشد از خود احتساب عدالت میں پیش ہو گیا۔لیگی رہنما مدثر قیوم ناہرا نیب میں پیش ہو گئے ۔نیب کراچی نے کریم آباد ملٹی پرپز کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی غبن کیس میں ایک اور ملزم حمید اﷲ شیخ کو گرفتار کرلیا، ملزم ایس بی سی اے کا افسر ہے ۔