کراچی(این این آئی)عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے کہاہے آئندہ چند ماہ میں مہنگائی اور شرح سود میں اضافہ نہیں ہوگا، پاکستانی معاشی شرح نمورواں سال 4.4فیصدرہے گی، آئی ایم ایف سے معاہدے سے پہلے اخراجات میں کمی کرنا ہوگی۔عالمی ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے پاکستانی معیشت سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شر ح سود اور مہنگائی میں فوری طور پر مزید اضافے کا امکان نہیں۔ 2018 میں شرح سود4.25فیصد بڑھائی گئی تھی جبکہ خام تیل کی قیمت میں کمی کے باعث مہنگائی میں کمی متوقع ہے ۔رپورٹ کے مطابق اخراجات میں کمی حکومت کیلئے مشکل اقدام ثا بت ہوگا، آئی ایم ایف سے معاہدے سے پہلے اخراجات میں کمی کرنا ہوگی۔ رواں مال سال کے پہلے تین ماہ میں اخراجات میں13.7فیصد کا اضافہ ہوا اور اخراجات میں اضافہ ٹیکس وصولیوں کے اضافے سے کافی کم ہے ۔ پاکستان برآمدات میں مزید کمی دیکھ رہے ہیں، برآمدات کی مالیت گزشتہ سال کے مقابلے میں13 فیصد کم ہوئی ہے ۔ خام تیل کی قیمت میں کمی کے باوجود پاکستان کی بیرونی کھاتے دبائو کا شکار رہیں گے ، عالمی تجارتی سرگرمیاں سست روی کا شکار ہونے کا خدشہ ہے ۔