چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ پاک بحریہ سی پیک کی میری ٹائم ڈومین میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دے رہی ہے جبکہ سی پیک آپریشنل ہونے پر پاک بحریہ کی ذمہ داری بڑھ جائے گی ۔ پاک بحریہ جس جانفشانی سے ملکی سلامتی کے لئے کام کر رہی ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں۔مکار دشمن بھارت نے کئی مرتبہ چھپ کر وار کرنے کی کوشش کی جسے ہماری بحریہ نے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ دشمن کو ایسی ضرب لگائی کہ وہ دوبارہ پاکستانی پانیوں میں آنے کی جرات نہیں کر سکا۔ اب پاک بحریہ سی پیک کی میری ٹائم ڈومین میں احسن طریقے سے ذمہ داری سرانجام دے رہی ہے۔لیکن وقت کے ساتھ اس کی ذمہ داریوں میں مزید اضافہ ہو گا،مستقبل میں جیسے ہی سی پیک کا منصوبہ مکمل ہو گا تو پاک بحریہ کی ذمہ داری بھی بڑھ جائے گی کیونکہ پاک بحریہ کو ہمہ وقت چوکس و مستعد رہنے کی ضرورت ہو گی ۔اس سلسلے میں حکومت پاکستان کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوںکو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی ضروریات کو بھی پورا کرنا چاہیے کیونکہ پاک بحریہ کو کئی طرح کے ظاہری اور خفیہ دشمن کا سامنا ہے ۔اس لئے ابھی سے نیول چیف کو مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک بحریہ کی آپریشنل ضروریات پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ آنے والے مسائل سے نمٹا جا سکے۔