کراچی ،لاہور(کلچرل رپورٹرز) عید الفطر پر سینماؤں کی زینت بننے والی سمیع خان اور نیلم منیر کی شاندار فلم رانگ نمبر ٹو نے ملک کے تمام سینماؤں میں بہترین بزنس کرتے ہوئے جہاں نئے ریکارڈز قائم کئے ہیں وہیں یہ فلم رواں برس کے دوران لالی وڈ کی کامیاب ترین فلموں میں شامل ہوگئی ہے ۔ ڈائریکٹر یاسر نواز کی زیر ہدایت بننے روم کوم فلم نوجوانوں کے ساتھ ساتھ بالخصوص فیملیز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے جس کی بدولت کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران بھی فلم بزنس پر خاص فرق نہیں پڑا اور ورکنگ ڈیز کے دوران بھی فلم کے حوصلہ افزا بزنس کا سلسلہ جاری ہے ۔ فلم نے عید کی چھٹیوں کے دوران گیارہ کروڑ کا بزنس کیا تھا جبکہ باقی پانچ دنوں کے دوران تین کروڑ سے زائد کمائی کرکے مستحکم بزنس ٹرینڈ کو برقرار رکھا ہے ۔ ٹریڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی سینما انڈسٹری کو آئندہ ہفتوں میں بھی رونگ نمبر ٹو جیسی فیملی اینٹرٹینر فلموں کی اشد ضرورت ہے تاکہ سینما بزنس بغیر کسی رکاوٹ کے چلتا رہے ۔