کرا چی(نیٹ نیوز،سٹاف رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) ڈاکٹر ماہا کیس میں نامزد ملزم نے نئے انکشافات کرکے معاملے کو نیا رُخ دے دیا۔ ماہا کے دوست اور مقدمے میں نامزد ملزم جنید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ متوفیہ کے والد آصف شاہ نے مجھ پر الزامات عائد کیے جبکہ معاملہ اس کے برعکس ہے ، ماہا کے اپنے والد کے ساتھ ہی تعلقات اچھے نہیں تھے بلکہ دونوں باپ بیٹی کا جائیداد پر تنازع چل رہا تھا۔ملزم جنید نے بتایا کہ ڈاکٹر ماہا سے میری ملاقات 2016 کے اواخر میں ہوئی اور یہ دوستی موت کے دن تک رہی، ماہا نے مجھے ویلنٹائن ڈے پر تحفہ بھی دیا اور میری سالگرہ پر کارڈ بھی بناکر دیا، اگر ماہا پر تشدد کرتا تو مجھے محبت بھرے پیغام نہ بھیجتی۔جنید کے مطابق ڈاکٹر ماہا کے والد روحانی پیشوا ہیں، دونوں کا آپس میں تعلق اچھا نہیں تھا اور اس کی وجہ جائیداد تھی، آصف شاہ نے ایک 20 سالہ لڑکی کے لئے ماہا کی والدہ کو چھوڑا تو ماہا سے ان کا جھگڑا ہوگیا، وہ اپنے والد کو غلط الفاظ میں پکارتی تھی۔جنید کا کہنا تھا کہ ماہا نے خودکشی نہیں کی، میرا ذاتی خیال ہے یہ قتل کا معاملہ ہے ، ماہا کے کیس کی جے آئی ٹی تشکیل دی جائے ، ماہا کے بھائی ناد علی اور میرا ڈرگ ٹیسٹ ہونا چاہیے میں تیار ہوں۔دریں اثنا ڈاکٹر ماہاکے والد سید آصف علی نے 92نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ملزم جنید کے تمام الزامات بے بنیاد ہیں میں نے پہلے ہی کہا تھاکہ جتنا کیچڑ اچھالناہے اچھالیں ۔ وہ جھوٹ بول رہے ہیں انہوں نے کہاکہ میری ایک ہی بیوی ہے اوران کا بیٹی کے ساتھ جائیداد کاکوئی جھگڑا نہیں تھا۔