چین کے صوبے ہوبی کے شہر ووہان کی ایک یونیورسٹی میں زیر تعلیم پاکستانی طالب علم عبدالرحمن نے چینی حکومت کی کرونا وائرس کے خلاف کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے چینی حکام ‘ڈاکٹرز اور محققین کرونا وائرس کے خلاف جنگ جیت جائیں گے۔ کرونا وائرس پھیلنے کے بعد ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔ جاپان اور امریکہ نے اس موذی مرض سے بچائو کے لئے چین کی مدد کرنے کی بجائے اپنے شہریوں کو وہاں سے نکالنے کو ترجیح دی جبکہ امریکہ نے اس موذی مرض کے خلاف کافی پروپیگنڈہ کیا۔ لیکن چینی حکومت اور ڈاکٹرز اس موذی مرض کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ گو ابتدائی طور پر اس وائرس سے متاثرہ افراد کی ہلاکت کی کئی خبریں آئیں لیکن چینی حکومت کے بروقت اقدامات کے بعد اب ہلاکتوں پر کافی حد تک قابو پایا جا رہا ہے جبکہ اس موذی مرض سے کئی مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو بھی چلے گئے ہیں۔ پاکستان سے ہزاروں طلبا تعلیم حاصل کرنے کی خاطر چین میں رہائش پذیر ہیں لیکن وہ چینی حکومت کے اقدامات سے کافی مطمئن نظر آتے ہیں۔ طلباء کو کھانے کی تنگی ہے نہ ہی کسی قسم کا کوئی اور مسئلہ ہے۔ انہیں بہترین محفوظ ماحول فراہم کیا گیا ہے جس کے باعث وہ ہر طرح کے خوف و خطر سے محفوظ ہیں۔ پاکستان کے عوام چین کے ان اقدامات کو سراہتے ہیں۔