اسلا م آباد ،لاہور(رپورٹنگ ٹیم ، نیوز ایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید7افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد 30326ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹراوروزارت قومی صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28544کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.64فیصد رہی،183نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 16875ہو گئے ،525مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید788مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں60لاکھ90ہزار سے زائد ہو گئیں۔برطانیہ میں کورونا سے متعلق تمام سفری پابندیاں ختم کر دی گئیں جبکہ ایئرلائن کمپنیوں کے مالکان نے اسے فائنل گیم چینجر قرار دیدیا۔برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ مستقبل میں کورونا کے کسی بھی نئے ویرینٹ کے سامنے آنے کی صورت میں نمٹنے کیلئے ہنگامی پلان تیارہے ۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا خاتمہ ابھی بہت دور ہے ۔ جنیوا سے جاری بیان میں ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے کہا کہ کچھ ممالک میں رواں ہفتے کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے ۔ ہم ابھی کورونا وبا کے وسط میں موجود ہیں۔ کورونا وبا مکمل ختم ہونے میں ابھی کافی وقت لگے گا۔ ایک طبی تحقیق میں چینی کمپنی سائنو ویک کی تیار کردہ کوروناویکسین کوتین سے پانچ سال کی عمر کے بچوں کیلئے بہت زیادہ موثرقراردیدیا گیا۔