لاہور؍ اسلام آباد؍ ملتان؍ سیالکوٹ (جنرل رپورٹر؍ خبرنگار خصوصی؍ سپیشل رپورٹر؍ ڈسٹرکٹ رپورٹرز)ملک بھر میں مزید 61افراد کورونا کے باعث چل بسے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 4983ہوگئی ، 3359نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ چالیس ہزار 848تک جا پہنچی ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکے مطابق ملک بھرمیں کورونا کیسز میں نمایاں کمی دیکھی گئی ، صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1لاکھ 45 ہزار 311ہوگئی ۔سندھ میں مریضوں کی مجموعی تعداد 99ہزار 300 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ اب تک پنجاب میں 84 ہزار سے زائد مریض سامنے آچکے ہیں۔ سندھ پولیس میں 2روز کے دوران مزید 40 کیس سامنے آگئے ۔ لاہور کے ٹیچنگ ہسپتالوں کے آئی سی یو اور ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ میں مریض کم رپورٹ ہونے لگے ، یکم جولائی کو آئی سی یو میں 93مریض وینٹی لیٹرز پر موجود تھے جو اب کم ہو کر 76 رہ گئے ہیں ۔ادھر دنیابھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 23 لاکھ کے قریب پہنچ گئی جبکہ ہلاکتیں 5 لاکھ 56 ہزار ہوگئی ہیں۔امریکہ میں ہلاکتیں ایک لاکھ 35 ہزار، برازیل میں 69 ہزار تک پہنچ گئی ہیں۔جنوبی افریقہ کی ملکہ بھی کورونا کا شکار ہوکر چل بسیں۔زولو بادشاہ گوڈول زویلیتھنی کی 56 سالہ بہن ملکہ نولوئیسیو امارارہابے شاہی خاندان کی نائب تھیں۔جنوبی افریقہ میں سرکاری طور پر 7 بادشاہ تسلیم کئے جاتے ہیں۔ایران کے وزیرِ صحت نے کہا کہ کورونا کی انفیکشن میں مبتلا مزید 221 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، یہ فروری میں وبا پھیلنے کے بعد سے اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں جبکہ ایران کے 31 میں سے 9 صوبوں کو حکومت نے ’ریڈ‘ زونز قرار دیا ہوا ہے ، تہران سمیت 10 دوسرے ’پیلے ‘ زونز میں ہیں۔ایرانی پارلیمنٹ(مجلس شوریٰ)کے مزید 7 ارکان کے کورونا کا شکار ہونے کی تصدیق ہوگئی۔نیوزی لینڈ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ہر آئسولیشن سنٹر اور قرنطینہ مرکز پر پولیس مامور رہے گی۔برطانیہ نے ’’باہر کھاؤ، لوگوں کی مدد کرو‘‘ سکیم کے تحت ریسٹورنٹ اور کیفے کی سرگرمیوں کو بحال کرنے کے لئے اگست میں لوگوں کو کھانا کھانے پر 50 فیصد رعایت دینے کا منصوبہ متعارف کرادیا،62 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے اس منصوبے کا مقصد کورونا سے متاثرہ ریسٹورنٹ انڈسٹری کو دوبارہ بحال کرنا ہے ۔وزیر خزانہ رشی سنک کے پیش کردہ اس منصوبے کے تحت لندن کے شہری 50 فیصد رعایت پر کسی بھی ریسٹورنٹ پر کھانا کھا سکیں اور یہ سہولت پیر، منگل اور بدھ کے روز میسر ہوگی، جم ،سوئمنگ پولز اور آئوٹ ڈور تھیٹرز اس ماہ کے آخر میں کھولنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔برطانوی ادویہ ساز کمپنی بوٹس نے 4 ہزار ملازمین نکالنے کا اعلان کردیا ہے ۔بین الاقوامی خیراتی تنظیم آکسفیم نے خبردار کیا کہ اس سال کے اختتام تک کورونا کے باعث غربت کی وجہ سے یومیہ 12 ہزار اموات ہوسکتی ہیں۔ لاہور (نمائندہ خصوصی سے ؍جنرل رپورٹر) کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ کے پیش نظر لاہور سمیت پنجاب کے 7 شہروں کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی ہدایت پر جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات اور راولپنڈی کے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کیا گیا۔سمارٹ لاک ڈاؤن کا آغاز رات 12 بجے سے ہو گیا اور 24 جولائی تک لاگو رہے گا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق لاہور میں اے ٹو بلاک ٹاؤن شپ،ای ایم ایس سوسائٹی، چونگی امر سدھو کے بازار سے ملحقہ علاقے ،پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہائوسنگ سکیم، واپڈا ٹاؤن، جوہر ٹاؤن سی بلاک اور گرین سٹی میں سمارٹ لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔فیصل آباد میں وارث پورہ چوک، ڈی ٹائپ کالونی، منڈی کوارٹرعلامہ اقبال کالونی،رضا آباد،رضا گارڈن ،ایڈن گارڈن،عبداللہ گارڈن،النجف کالونی کے کمرشل اور رہائشی علاقوں،مسلم ٹاؤن بی بلاک، مسلم ٹاؤن آئی، مدینہ ٹاؤن کے ڈبلیو، ایکس اور وائے بلاک،آمنہ آباد،انصار کالونی سمن آباد،پیپلز کالونی 1 میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے جاری احکامات کے مطابق جڑانوالہ میں لاہور روڈ سے ملحقہ تمام گلیاں اور نیا بازار، مین بازار خرریانوالہ بشمول سلطان مارکیٹ اور نیو شاپنگ سنٹر بند کر دیئے گئے ، مین بازار، موککانا مارکیٹ،مسجد بازار،چرچ سے نشاط سنیماچوک تک روڈکو بند کر دیا گیا۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق گوجرانولہ کے علاقے واپڈا ٹاؤن،پیپلز کالونی ایکس، وائے ، زیڈ بلاک میں لاک ڈاؤن کیا گیا۔ملتان میں سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کالونی، پیران غائب روڈ، حور بناسپتی ملز، کسٹم آفس؍کالونی کلمہ چوک کو بند کیا گیا۔ سیالکوٹ تحصیل ڈسکہ میں توصیف مارکیٹ، الیوسف پلازہ، روراس روڈ میانہ پورہ، قیوم سٹریٹ،شہاب پورہ اور مظفر پور میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا۔راولپنڈی کے علاقے ڈھوکی کھابہ، گلستان کالونی، رینج روڈ ایریا، لین 4 پی آئی کالونی میں بھی سمارٹ لاک ڈاؤن لگادیا گیا۔