چین کی 55 سے زائد کمپنیوں کے سربراہوں نے وزیراعظم آفس میں وزیراعظم سے ملاقات کے دوران اگلے تین سے پانچ سال کے دوران پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی ہے۔ چین پاکستان کا خطہ میں مضبوط معاشی اور سٹریٹجک پارٹنر ہے۔ ون بیلٹ ون روڈ انیشی ایٹو کے تحت چین نے پاکستان میں سی پیک منصوبوںپر 55 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا تھا جو اب بڑھ کر 80ارب ڈالرسے تجاویز کر چکا ہے۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے دشمنوں کی تمام سازشوں کے باوجود سی پیک کا پہلا مرحلہ جس میں شاہراہیں اور انفراسٹرکچر مکمل ہونا تھا، مکمل ہو چکاہے۔ سی پیک کے پہلے مرحلے کی تکمیل کی صورت میں ملک میں پائیدار ترقی کی بنیاد رکھی جا چکی ہے ۔گزشتہ روز چین کے سفیر نے دوسرے مرحلے کے آغاز کی نوید سنائی ہے جس میں پاکستان میں مختلف مقامات پر صنعتی زونز مکمل ہونا اور چین سے ٹیکنالوجی پاکستان منتقل ہونا ہے۔ اس تناظر میں چین کی 55 سے زائد کمپنیوں کی جانب سے اگلے پانچ برس میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری خوش آئند اقدام ہے۔ بہتر ہو گا حکومت چین اور پاکستانی سرمایہ کاروںکے مشترکہ صنعتی منصوبوں کے لئے کوششیں مزید تیزکرے تاکہ چین کے تعاون سے جدیدٹیکنالوجی پاکستان میں منتقل ہو سکے اور ان مشترکہ منصوبوں میں بنے والی مصنوعات عالمی منڈی میں برآمد کرے، ملک سے بیروز گاری کا خاتمہ اور ملکی معیشت کو ترقی دے کر خوشحالی کی منزل حاصل کی جا سکے۔