سکیورٹی اداروں نے گلگت بلتستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے بی این ایف اور چند گروپوں کے 14 کارندوں کو گرفتار کرکے ان سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ بی این ایف بھارتی خفیہ ایجنسی را کیلئے کام کررہی تھی۔ اس سازش کی جو مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں ان سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت نے پاکستان خصوصاً بلوچستان اور دیگر شورش زدہ علاقوں میں سازشوں کا طویل جال بچھا رکھا ہے اور اس کیلئے وہ ان علاقوں کی نام نہاد علیحدگی پسند تحریکوں اور مقامی شرپسند گروہوں کو کام میں لا رہا ہے اور اس کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا، دیکھا جائے تو ماضی میں بھی پاکستان کی تمام تر علیحدگی پسند تحریکوں میں بھارتی ایجنسی را کا ہاتھ رہا ہے جس کا تدارک ہر سطح پر ہونا چاہئے۔ اس سازش کیلئے جو ابھی بے نقاب ہوئی ہے بھارت کی ایجنسی را ،ایسے ہی ایک وطن فروش عبدالحمید خاں آف غذر کو پہلے نیپال اور پھر بھارت لے گئی۔ اس شخص کو پاکستان میں تخریب کاری کیلئے ایک ارب روپے دیئے گئے تھے۔ جس کا ہدف یہ تھا کہ پاکستان میںیونیورسٹیوں کے طلبہ کو دہشت گردی کی طرف مائل کرنا تھا۔ بہرحال اس بڑی بھارتی سازش کو ناکام بنانے والی پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیاں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان علاقوں میں بھارتی ایجنٹوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ ملک کی سلامتی پر کوئی آنچ نہ آنے پائے اور دشمن کو ہر مرحلے پر منہ کی کھانی پڑے۔