اسلام آباد،لاہور ،کراچی (سپیشل رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے ،کر ائم رپو رٹر ،نیوز ایجنسیاں ) ملک بھر میں 82 واں یوم پاکستان قومی و ملّی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ،قوم پاکستان زندہ باد کے سلوگن پر ایک ہو گئی ،فوجی طاقت ،قومی یکجہتی کا شاندار مظا ہر ہ کیا گیا ،اسلام آباد میں شاندار فوجی پریڈ ہوئی ،لڑاکا طیاروں ،میزا ئلوں،ٹینکوں و دیگر جنگی سامان کی نمائش کی گئی ۔صدر عارف علوی نے کہا کہ دشمن سن لے ،کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے ، سب ادارے جمہوریت کا استحکام اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق دن کاآغازمساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوا ا ،ملک کی ترقی،خوشحالی،سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ، پاک فوج کی طرف سے وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی۔ مسلح افواج کی پریڈ کی اہم تقریب اسلام آباد میں ہوئی ،تقریب میں صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ندیم رضا، مسلح افواج کے سربراہان اور او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے شرکا نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا۔چین کے وزیر خارجہ ، او آئی سی کے وزرائے خارجہ، کابینہ کے ارکان، غیر ملکی سفارت کاروں، اعلیٰ سول و فوجی حکام و دیگر مہمانوں نے پریڈ دیکھی ۔سعودی عرب، ترکی، ازبکستان، آذربائیجان اور بحرین سمیت دوست ممالک کے دستوں نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔ مسلح افواج کے دستوں نے سلامی دی، صد ر نے فوجی دستوں کا معائنہ بھی کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے فضائی بیڑے میں شامل ہونے والے نئے J-10C جیٹ طیاروں سمیت پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی مختلف فارمیشنز کے فلائی پاسٹ کی قیادت کی ، جے ایف 16، میراج طیارے ، جے ایف 17 تھنڈر ودیگر طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ مارچ کرکے حاضرین کا لہو گرمایا، قراقرم کے سات طیاروں کی ’شیردل‘ ٹیم نے دلکش ایروبیٹکس پیش کیے ، چھاتہ برداروں نے دس ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا شاندار مظاہرہ کیا، چین سے خریدے جدیدٹینک وی ٹی فورسمیت دنیاکے بہترین ٹینکس ،توپیں اورریڈارز ، بابر ، شاہین ، غوری سمیت دیگر میزائل ،پاکستانی ساختہ ڈرون طیارہ کوبھی تقریب کاحصہ بنایاگیا۔ صوبوں کے فلوٹس نے قومی ہم آہنگی پر مبنی لوک گیتوں، ڈانس کے ذریعے اپنی منفرد ثقافت کی عکاسی کی ، او آئی سی ممالک کا خصوصی فلوٹ بھی پریڈ میں شامل کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ تمام ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، ہمسایہ ملک نے توسیع پسندانہ عزائم کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے ،دنیائے اسلام کو بڑی آزمائشوں کا سامنا ہے ، فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں عوام پر جبر و تشدد کیا جاتا ہے ، دنیا میں اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر نے مسلمانوں کو خطرات سے دوچار کیا ہے ، ہمارے لاکھوں افغان بھائی بھوک اور بیماری سے گزر رہے ہیں ۔ادھر لاہورمیں مزاراقبالؒ پرگارڈزکی تبدیلی کی پروقارتقاریب ہوئیں ، مزار اقبالؒ پر رینجرز کی جگہ پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستہ نے گارڈز کے فرائض سنبھالے ، مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان نے مزار اقبالؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی ، مولانا عبدالخبیر آزادنے خصوصی دعا کر ائی ، پاک فضائیہ کے تمام بیسزپر یوم پاکستان روایتی جوش و جذبہ سے منایا گیا، پاک بحریہ نے بھی یومِ پاکستان منایا، اورماڑہ اور گوادر میں مقامی ماہی گیروں کی بوٹ ریس، مباحثوں کے مقابلے اور بحریہ کالجز کے طلبائکی جانب سے پاکستان زندہ باد ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ انگور اڈہ زیرو پوائنٹ پر پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس کے بعد امن مارچ کیا گیا ۔ بلوچستان بھر میں پاکستان زندہ باد کی صدائیں گونج اٹھیں ،تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی یوم پاکستان بھرپور طریقے سے منایا گیا ، سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے ، بینرز پر قائداعظم ؒ، وزیر اعظم اورآرمی چیف کی تصاویر لگائی گئیں ۔ یوم پاکستان کے موقع پر چینی صدر نے صدر عارف علوی کے نام تہنیتی پیغام میں کہا کہ چین اور پاکستان چاروں موسموں کے سٹریٹجک شراکت دار ہیں ،پاکستان سے تعلقات مزید بڑھائیں گے ۔ چینی وزیر اعظم نے عمران خان کے نام تہنیتی پیغام میں کہا کہ چین پاکستان میں ترقی و خوشحالی کیلئے اقدامات کی حمایت کرتا رہے گا۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آباد نے ‘یوم پاکستان’ کے موقع پر پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے پاک امریکہ باہمی تعلقات کے قیام کو 75 سال مکمل ہونے پر ایک مشترکہ مہم کے آغاز کا اعلان کیا ہے ۔ امریکی ناظم الامور اینجلا پی ایگلر نے کہا ہے کہ امریکہ اور پاکستان نے ماحولیات، تعلیم، عوامی صحت، تجارت اور ثقافتی ورثہ کے تحفظ سمیت متعدد مشترکہ ترجیحات پر تعاون کیا ہے ۔ صدر ایران نے دونوں براد ر ملکوں کے درمیان تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون کا یہ سلسلہ مزید آگے بڑھے گا ۔