نوشہرہ، ڈیرہ بگٹی، نصیرآباد (نمائندہ92 نیوز، نامہ نگاران ) بلوچستان میں فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 3 دہشتگرد ہلاک ہوگئے ، بارودی سرنگ کے دھماکے میں بچہ جاں بحق ہوگیا اور 2 بچے زخمی ہوگئے ، جمعہ کو ڈیرہ بگٹی کے علاقے شمسر میں بارودی سرنگ پھٹنے سے ایک بچہ جاں بحق ، 2زخمی ہوگئے ، واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز، امن فورس لشکر کے اہلکاروں نے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیاتو دہشت گردوں نے فائرنگ کردی،جوابی فائرنگ میں کالعدم تنظیم کے کمانڈ ڈیہو بگٹی ،کوجی ولد مرہٹہ ،توفیق ولد دوست علی ہلاک ہوگئے ، ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز ،قبائلی عمائدین اور گیس پائپ لائنوں پر حملوں سمیت دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ملوث تھے ۔ دریں اثنا نوشہرہ کے علاقہ نظام پور میں پولیس نے کارروائی کرکے گل متی گروپ کے دو دہشتگردوں امجد اور مطہر شاہ کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشتگرد قتل ،اقدام قتل اوردہشتگردی کے سنگین مقدمات میں مطلوب تھے ، انکے قبضے سے 2 کلاشنکوفیں ، 5میگزین 3عدد ہینڈ گرنیڈ اور بھاری تعداد میں کارتوس برآمد کرلئے گئے ،امجد اورمطہر شاہ 25جون کو پولیس پر فائرنگ کرکے 2اہلکاروں اسد اور اسفندیار کو شہید جبکہ 3 کو زخمی کرنے میں ملوث تھے ۔