کوئٹہ(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) جھنڈیوں کے سٹال پر دستی بم حملے میں ایک بچہ جاں بحق اور 6زخمی ہوگئے ، گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے بروری مائیکرو میں نامعلوم افراد نے جھنڈے فروخت کرنے والے سٹال پر دستی بم پھینک دیا جس کے پھٹنے سے 2بچوں سمیت 7افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس اور سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مدثر احمد نامی بچہ دم توڑ گیا، انصاف، رحمت اللہ، محمدرفیق، زاہد اور مشتاق کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ۔ واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، شہر میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔ پولیس نے ناکے لگاکر مشکوک موٹرسائیکل سواروں اور گاڑیوں کی تلاشی شروع کردی ۔