کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی شرقی کے علاقے کورنگی اللہ والا ٹائون میں چار منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں4افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ملبے تلے مزید کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورنگی کراسنگ اللہ والا ٹاون کے قریب رہائشی عمارت گرگئی، جس کے باعث ملبے تلے کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے ، عمارت چار سے 5منزلہ تھی۔واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے سے 4افراد کی لاشیں نکال لی گئی جبکہ خواتین اوربچوں سمیت 8 افراد کوزندہ نکالا گیا ۔ پاک فوج کے اہلکار وں نے بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ جائے حادثہ پردائیں اور بائیں جانب کی عمارتیں بھی مخدوش ہوگئیں۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت میں15سے 20خاندان رہائش پذیرتھے جبکہ ملبے میں مزیدافراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔عینی شاہد کا کہنا ہے کہ عمارت چائناکٹنگ پر بنی ہوئی تھی ، نوٹس بھی جاری ہوا تھا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی ماہ پہلے عمارت کو مخدوش قرار دیا گیا، مخدوش قرار دینے کے بعد 6فلیٹوں کے رہائشی جا چکے تھے جبکہ 2فلیٹوں کے مکین فلیٹ خالی نہیں کررہے تھے ۔ذرائع کے مطابق بلڈر نے عمارت غیر قانونی بنائی تھی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ2 روز قبل عمارت خالی کرانے کے احکامات جاری کر دیئے گئے تھے ۔ عمارت گر گئی