لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ وفاقی حکومت نے لاک ڈائون میں نرمی کا فیصلہ لوگوں کے معاشی معالات کو دیکھتے ہوئے کیا ہم نے تاجربرادری اور بزنس کمیونٹی کے ساتھ کاروبارکھولنے کے حوالے سے حفاظتی تدابیر پر ڈسکس کیا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا ساری ذمہ داری تاجروں پر نہیں ڈالناچاہتا لیکن بطورایک قوم ہم نے اس وبا کوسنجیدہ نہیں لیا ۔پروگرام دی لاسٹ آورمیں میزبان یاسر رشید سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کیسز کی تعداد 20ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے اب زیادہ کیسز عام شہریوں سے آئے ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ نظر آرہاہے کہ عید کے بعد جھاڑو پھرنا ہے ،اس میں سرفہرست شہبازشریف کا نام آرہاہے اسی لئے وہ فضول قسم کی باتیں کررہے ہیں وہ تو اپنے آپ کو دبنگ کہلاتے تھے لیکن وہ تو ایک کمرے میں ملنگ بن کربیٹھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ کورونا نہیں بلکہ رونا وائرس کے شکارہوئے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ قومی اور پنجاب اسمبلی کے 50، 50 ارکان اپنی قیاد ت بزدل اعلیٰ اوربیگم صفدر اعوان سے متنفرہیں۔ ا نہوں نے بتایا کہ مجھے شہبازشریف کے بارے میں بزدل اعلیٰ کا لفظ بھی ن لیگ کے ایک رہنما نے دیا تھا جس کو میں نے استعمال کیا۔ سنیئر صحافی راناعظیم نے کہا کہ مجھے تو صورتحال میں بہتری نظر نہیں آرہی، عوام نے کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی، عید کے روز بھی بازاروں میں رش تھا، چھوٹے چھوٹے بچوں کولے کر لوگ پھررہے تھے ،مجھے تو حالات اچھائی کی طرف جاتے نظر نہیں آتے ۔دفاعی تجزیہ کار امجد شعیب نے کہاکہ بھارت کا چین کے ساتھ لداخ کا تنازع ہے ۔بھارت نے اس علاقے میں سڑکیں اورپل بنانے شروع کردیا جس پر چین نے سمجھا کہ اس نے اپنا مستقل قبضہ کرناشروع کردیا ،چین نے ایک پلان کے ساتھ موو کیا ۔بھارت اب سلامتی کونسل میں نہیں جاسکتا اگر جائے گا تو اسے نقصان اٹھانا پڑے گا۔پاکستانی سفیر برائے یوکرائن جنرل ریٹائرڈ زاہد مبشر شیخ نے کہاہے کہ بھارت چھوٹے موٹے فائر تو کرتا رہتاہے لیکن یہ توقع نہیں کہ کوئی بڑی جنگ کریگا۔ بھارت نے جو جال کسی کیلئے بنایا تھا اس میں وہ خود پھنس گیا ۔