لاہور(کلچرل رپورٹر)فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار غلام محی الدین کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دینے کے اعلان پر شوبز حلقوں نے خیرمقدم کیا ہے ۔ حکومت پاکستان نے غلام محی الدین کو پاکستان فلم انڈسٹری میں نمایاں فنی خدمات اور سماجی سرگرمیوں کے اعتراف میں ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، وہ اپنا ایوارڈ 23مارچ 2020ء میں وصول کریں گے ۔ غلام محی الدین نے اپنا فلمی سفر شباب فلمز کی فلم ’’میرا نام ہے محبت ‘‘ سے کیا تھا اب تک ان کے کریڈٹ پر سو سے زائد اردو اور دو سو سے زائد پنجابی فلمیں ہیں۔ غلام محی الدین نگار ایوارڈ، گریجویٹ ایوارڈ، بولان ایوارڈ ،کیلیفورنیا میئر کی جانب سے ایوارڈ کے علاوہ سینکڑوں ایوراڈ اور اعزازات لے چکے ہیں۔ شوبز حلقوں نے غلام محی الدین کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ ملنے پر انہیں مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ غلام محی الدین پاکستان شوبز کے وہ آرٹسٹ ہیں جنہوں نے ہمیشہ اپنے کام سے انصاف کیا ہے ۔